یوم دفاع: صدر مملکت اور نگران وزیراعظم کا شہداء اور غازیوں کوسلام

یوم دفاع: صدر مملکت اور نگران وزیراعظم کا شہداء اور غازیوں کوسلام
اسلام آباد : یوم دفاع وشہدا کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اورنگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے شہدا اورغازیوں کو سلام پیش کیا۔ یوم دفاع کے حوالے سے صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا ، ہمارے غازیوں کے کارنامے قابلِ فخر ہیں کہ انہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، ہر مشکل گھڑی کا سامنا اسی جرأت اور جذبے سے کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف دو دہائیوں سے جاری جنگ میں بھی انہوں نے اسی جذبے کا مظاہرہ کیا ہے، اس جنگ میں ہماری کامیابیاں ہماری مسلح افواج کی اس مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں ، آج کے دن ہم امن کے فروغ اور پُرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، اقوام متحدہ کے پرچم تلے دنیا میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہمارا اپنا خطہ، جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے حل کا منتظر ہے ،اس تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیری عوام، خواتین اور بچوں کی قربانیوں کو بھی یاد کرتے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ میں قومی عظمت، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے، اس دن بہادر فوج نے ثابت کیا کہ سرحدوں کی ہر قیمت پر حفاظت کیلئے تیار ہیں۔ نگران وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری پاکستانی قوم بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، قوم اپنے شہدا اور غازیوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں ہونے دے گی۔ ان کاکہنا تھا کہ ہم امن کو اپنی خارجہ پالیسی کی علامت سمجھتے ہیں، کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلنج ، عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ خیال رہے کہ ملک بھر میں آج یوم دفاع و شہدائے پاکستان قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔