ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنےوالا مکینک بھی جیل جائے گا، سی ٹی او لاہور

ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنےوالا مکینک بھی جیل جائے گا، سی ٹی او لاہور
کیپشن: ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنےوالا مکینک بھی جیل جائے گا، سی ٹی او لاہور

ویب ڈیسک: جشن آزادی پر ون ویلرز، ہلڑبازوں کیخلاف ٹریفک پولیس نے کمر کس لی۔ سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ون ویلرز اور اس کے سہولت کار موٹر مکینک دونوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا۔ ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنے والا مکینک بھی جیل کی ہوا کھائے گا۔ 

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ جشن آزادی پر صوتی آلودگی، بغیر سائیلنسر، بفل نکالنے والے ہلڑبازوں کےخلاف بھی مقدمہ درج ہوگا۔ سی ٹی او لاہور نے سرکل افسران کو ون ویلنگ اور کم عمر ڈرائیورز کےخلاف مہم چلانے کی ہدایت کردی۔  

اس حوالے سے شہر کی تمام موٹرسائیکل مارکیٹوں میں اعلانات اور کارروائی بارے آگاہی دی جائے گی۔ سابقہ ریکارڈ یافتہ ون ویلرز کی ڈور نوکنگ کےلئے لاہور پولیس کو بھی درخواست دی جائے گی۔ 13 اور 14 اگست کو ون ویلرز اور ہلڑبازوں کےخلاف کریک ڈاؤن کےلئے مصروف اور اہم شاہراہوں پر ناکے لگائے جائیں گے۔

سی ٹی او نے اپنے بیان میں کہا کہ 18 سال سے کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکلیں تھانوں، ٹریفک سیکٹرز میں بند کردی جائیں گی۔ موٹرمکینکس ون ویلرز کی موٹرسائیکل تیار کرنے اور سائیلنسر اتارنے سے باز رہیں۔

عمارہ اطہر نے جشن آزادی پر شہریوں خصوصاً والدین کو مثبت کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پیغام میں واضح کیا کہ یاد رکھیے، اپنے بچے کی حادثاتی موت یا معذوری کے ذمہ دار آپ خود ہوں گے۔ شہریوں خصوصاً والدین کے تعاون سے خونی کھیل کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ سٹی ٹریفک پولیس سوشل میڈیا پر بھی بھرپور آگاہی مہم چلا رہی ہے۔

Watch Live Public News