سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی، ملک بھر میں آج " یوم تقدس قرآن " منایا جا رہا ہے

سویڈن میں قرآن پاک کی بےحرمتی، ملک بھر میں آج
سویڈن میں قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کرنے کے خلاف آج ملک بھر میں یوم تقدیس قرآن منایا جا رہا ہے، گستاخانہ اقدام کے خلاف احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ نماز جمعہ کے بعد پرامن احتجاج کیا جائے گا، گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن واقعے کے خلاف متفقہ قرار داد منظور کی گئی ہے۔یوم تقدیس قرآن کے موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سویڈن واقعہ اسلامو فوبک ذہنیت کی ایک اور مثال ہے، یہ ذہینیت ہمارے عقیدے کو غیر انسانی اور بدنام کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جذبات کو بھڑکانا اور اسلام کو امن، رواداری اور قبولیت کے مذہب کے طور پر کمزور کرنا ایک صریح اشتعال انگیزی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان 11 جولائی کو اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) گروپ کی جانب سے جنیوا میں یو این ایچ آر سی کے فوری مباحثے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی پہلے سے طے شدہ کارروائیوں پر بھی اس مسلے اٹھائے گا۔ دوسری جانب اسلام آباد میں صدر سپریم کورٹ بار عابد زبیری کی قیادت میں سپریم کورٹ بار کے وکلاء نے سویدن واقعے کے خلاف سپریم کورٹ کے مرکزی دروازے پر احتجاج کیا ہے۔ سویڈن میں پیش آنے والا افسوسناک واقعے کے خلاف کراچی بار کی جانب سےبھی احتجاجی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا گیا ہے۔کراچی بار نے وکلا کا جنرل باڈی اجلاس بھی طلب کرلیا جب کہ آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کے حوالے سے سیشن ججز اور لاک اپ انچارجز کو خط لکھ کر آگاہ کیا گیاہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ دنیا میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہو رہی ہے، اسلام کے خلاف جان بوجھ کر آگ بھڑکائی جا رہی ہے ۔سویڈش حکومت کو واقعے پر ہر صورت جواب دینا ہوگا۔ حکومت نے 7 جولائی کو یوم تقدس قرآن منانے کا فیصلہ دوروز قبل وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس روز سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر گیر احتجاج کیا جائے گا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت پوری قوم کو احتجاج میں شریک ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ پوری پاکستانی قوم ایک زبان ہوکر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی، جمعہ کو ملک بھر میں سویڈن واقعے کی مذمت میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں۔ وزیراعظم نے اسی حوالے سے جمعرات 6 جولائی کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا تھا جس میں سویڈن واقعے کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ مذمتی قرار داد کا متن قرارداد کے متن کے مطابق ایوان اس واقعے کی مذمت کرتا ہے، واقعات کی روک تھام کے لئے عالمی برادری کی توجہ چاہتے ہیں، عالمی برادری بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے بھی اقدامات کرے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا مشترکہ اجلاس سے خطاب پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان سوئیڈن واقعے کی پرزور مذمت کرتا ہے، سوئیڈن واقعہ پر دنیا میں بسنے والے تمام مسلمان ہی دکھی ہیں، ایسی مذموم حرکتوں کے خاتمے کے لئے کمیٹی کی تشکیل دی جائے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہم تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، اور چاہتے ہیں کہ کوئی بھی ہم پر انگلی نہ اٹھائے، اسلام کے خلاف جان بوجھ کر آگ بھڑکائی جارہی ہے، اور دنیا میں مسلمان اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہو رہی ہے ہم سب مل کر بھرپور احتجاج کریں گے، نماز جمعہ کے بعد سب مل کر یکجہتی کا اظہارکریں، ہم نے یک زباں ہو کر سوئیڈن واقعہ کی مذمت کرنی ہے، ہم واقعہ کےخلاف بھرپورآوازاٹھائیں گے، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے کام کررہےہیں، ہمار دفترخارجہ بھی بھرپور کردارادا کر رہا ہے۔ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ قرآن کی بے حرمتی کے واقعے پر سویڈن حکومت کی مذمت کافی نہیں، سویڈن حکومت کو واقعہ کا ہر صورت جواب دینا ہوگا، آج پاس ہونے والی قرارداد سویڈن حکومت اور پوری دنیا کو پہنچاؤں گا، پاپ فرانسس نے بھی اس مذموم حرکت سےلاتعلقی کااعلان کیا ہے، امید ہے آج کے بعد ایسی مذموم حرکتیں بند ہوں گی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔