لاہور(پبلک نیوز) پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے حال ہی میں رہائی پانے والے مسلم لیگ ن کے رہنماء اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی ماڈل ٹاؤن آمد پر حمزہ شہباز نے ان کا استقبال کیا۔ حمزہ شہباز سے ملاقات کے لئے پہنچنے والے بلاول بھٹو کے ہمراہ پیپلزپارٹی کا وفد بھی شامل تھا۔ بلاول بھٹو اور حمزہ شہباز کی ملاقات میں چئیرمین سینیٹ، حکومت کے خلاف تحریک اور لانگ مارچ سمیت دیگر معاملات زیر غور آئے۔
پیپلزپارٹی کے وفد میں یوسف رضا گیلانی، قمر زمان کائرہ، حسن مرتضی اور چودھری منظور و دیگر رہنماء شامل تھے۔
ملاقات کے حوالے سے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی حمزہ شہباز سے ملاقات کا اچھا نتیجہ نکلے گا، یہ نئی سیاست ہے ہمارے ابھرتے ہوئے سیاستدان آپس میں مل رہے ہیں، کل عمران خان نے وہی کام کیا کہ وہ ایک طالب علم تھے اور فرسٹ آ گئے، اگر مجھ سے سیاسی کارکن کے طورپر پوچھیں تو ہر جگہ تبدیلی آ رہی ہے، اب تبدیلی رکے گی نہیں۔