ویب ڈیسک: انٹرنیٹ پرائیویسی کمپنی پروٹون کا کہنا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں VPN کے استعمال میں 6 ہزار فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران نیپال میں VPN کے استعمال میں 4 ہزار 700 فیصد، گیبون میں 27 ہزار فیصد اور سینیگال میں ایک لاکھ فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ کمپنی کے مطابق یہ اضافہ ’سیاسی اور سماجی عدم استحکام کا ردعمل ہے‘۔
بیان میں کمپنی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 2024 دنیا میں جمہوریت کے لیے اہم سال ہے، رواں سال جن ممالک میں انتخابات ہو رہے ہیں ان میں سے کئی ممالک کا اظہار رائے کی آزادی اور آزادانہ انتخابات کے حوالے سے ریکارڈ مشکوک ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ سنسر شپ کی تاریخ رکھنے والے وہ ممالک جہاں رواں سال انتخابات ہونے ہیں وہاں کمپنی مفت VPN سرورز فراہم کرے گی، ان ممالک میں وینزویلا، جنوبی سوڈان، سری لنکا اور ترکی سمیت دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔