وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہوں نے انارکی پھیلانے، افراتفری کی کوشش کی اور لانگ مارچ میں پرامن رہنے کی یقین دہانی نہ کروائی تو ان کو گھر سے نہیں نکلنے دوں گا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دیرینہ دوست فرح گوگی پر کرپشن کے الزامات پر بھی بات کی اور کہا کہ عمران خان اس خاتون کے وکیل بنے ہوئے ہیں۔ ہر وقت ان کے سر پر فرح گوگی سوار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج پتا چل رہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ کیوں رکھا ہوا تھا۔ جو حکم فرح گوگی کا آتا تھا، وہی ہوتا تھا۔ عثمان بزدار کو رکھا ہی اسی لئے گیا تھا کہ فرح گوگی کو تحفظ دیا جائے۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فرح گوگی نے ایک ارب روپے باہر بھیجے۔ عمران خان پر ایمنسٹی سکیم بھی فرح گوگی کے لئے نکالنے کا الزام ہے۔ تاہم ہم ان کی طرح الزامات نہیں لگائیں گے۔ ہم ثبوت سامنے آنے پر کارروائی کریں گے۔ اگر باہر سے فرح گوگی کو واپس لانا پڑا تو لائیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آج میں یہاں یہ بات کرنا چاہتا ہوں کہ میں دو سال سے پیشی پر آ رہا ہوں۔ آج بھی میں معزز عدالت کے سامنے پیش ہوا ہوں۔ آج بھی مجھے عدالت کا احترام ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے، جھوٹے الزامات لگائے لیکن عدالتوں میں ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو آخری دفعہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر تم اس طرح کی حرکات سے باز نہ آئے اور لوگوں کو شرپسندی پر اکسایا تو لانگ مارچ کیلئے گھر سے قدم باہر نکالنے نہیں دوں گا۔