ویب ڈیسک :فلسطینی گروپ حماس کی جانب سے مصر اور قطر کی تجویز پر غزہ میں فائر بندی کی تجویز قبول کرنے کے باوجود اسرائیل نے رفح پر گذشتہ شب بمباری کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق رفح پر اسرائیل کے حالیہ حملوں میں کم از کم پانچ افراد جان سے گئے اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔کویتی ہسپتال کے حکام کے مطابق رات گئے اسرائیلی حملوں کے بعد ’پانچ شہدا اور متعدد زخمیوں‘ کو لایا گیا ہے۔
حماس کی جانب سے فائر بندی کی تجویز قبول کرنے کے باوجود گذشتہ روز اسرائیلی فوج نے رفح پر زمینی حملے سے قبل ایک لاکھ سے زیادہ فلسطینیوں کو اس علاقے سے انخلا کا کہا تھا۔
پیر کو اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج نے رفح میں موجود فلسطینیوں کے لیے پمفلٹ گرانا شروع کر دیے ہیں۔
رفح پر اسرائیل کے فضائی حملوں اور زمینی فوجی آپریشن کی تیاریوں کی اطلاعات کے پیش نظر بین الاقوامی برادری اور امدادی تنظیموں میں بہت زیادہ تشویش پائی جا رہی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے (ایسپی اے) کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل کو ’خونی‘ اور ’منظم مہم‘ کے تحت رفح شہر کو نشانہ بنانے کے خطرات سے خبردار کیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے اقدامات انسانی بحران کو بڑھاتے اور بین الاقوامی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔
وزارت نے عالمی برادری سے مملکت کے مطالبے کی تجدید کی کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نہتے شہریوں کے خلاف قابض افواج کی نسل کشی کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کرے۔