ہیلی کاپٹر حادثہ ،سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے کا معاملے پر چھ رکنی ٹیم کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا. ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائٔندے بھی شامل ہیں. آئی ایس آئی کے کرنل سعد اور آئی بی کے وقار نثار ٹیم کا حصہ ہونگے، گزشتہ شب چار رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا. اب تحقیقاتی ٹیم کی تعداد بڑھا کر نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے. ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد جعفر کریں گے جبکہ ٹیم میں ڈائریکٹر سائبر کرائمز وقار الدین سید ،ایڈیشنل ایاز خان بھی شامل ہیں. اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران حید ر بھی ٹیم کا حصہ ہونگے جبکہ ٹیم نے مہم کا حصہ بننے والے تمام اکائونٹس کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے. ذمہ داروں کے خلاف پہلے مقدمہ درج ہوگا پھر گرفتاری کا عمل شروع ہو گا. پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 افراد شہید ہو گئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کے حادثے میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران اور جوان شہید ہوئے تھے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے بتایا کہ شہداء میں ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد، کمانڈر انجینئر 12 کور بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہٰ منان اور کریو چیف نائیک مدثر فیاض شامل تھے۔ آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر سیلاب زدگان کے ریلیف آپریشنز میں مصروف تھا، حادثے سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد شیئر کی جائیں گی