اسلام آباد ( پبلک نیوز) محکمہ موسمیات کا کہنا ہے ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ آج اسلام آباد سمیت ملک بھر میں موسم سرد اور ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ صوبہ کے پی کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ اسی طرح صوبہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد ی کی لہر برقرار رہے گی۔ کشمیر اورگلگت بلتستان میں موسم سرد رہنے کے علاوہ شام اور رات کے اوقات میں ہلکی بارش برفباری کا امکان ہے۔