پنجاب میں رواں ہفتے ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری

پنجاب میں رواں ہفتے ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری
سورس: ویب ڈیسک

ویب ڈیسک: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) پنجاب کی جانب سے رواں ہفتے ہیٹ ویو، بارشوں اور طوفان کا الرٹ جاری کردیا گیا ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 10 مئی تک پنجاب میں دن کے وقت درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری اضافے کا امکان ہے ۔ اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ 

جبکہ 10 اور 11 مئی کو جنوبی پنجاب کے اضلاع میں بھی طوفانی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورت حال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ 

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب علی عرفان کاٹھیا نے بتایا کہ کھڑی فصلوں کو طوفان سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام کو محتاط رہنا ہو گا۔ دوپہر کے وقت کام کرنے والے افراد لو سے بچنے کا اہتمام کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ خاص طور پر محکمہ صحت، آبپاشی ، مواصلات، لوکل گورنمنٹ ، لایئو سٹاک ،انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ واسا پنجاب پولس اور سول ڈیفنس کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ۔ شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آسمانی بجلی سے بچا ئوکے لئے محفوظ مقامات پر رہیں اوربجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیا جائے۔ایمرجنسی میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122سے رابطہ کریں۔