مون سون کا آخری اسپیل: 12 سے 17 ستمبر تک بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کردیا گیا

مون سون کا آخری اسپیل: 12 سے 17 ستمبر تک بارشوں کا ہائی الرٹ جاری کردیا گیا

(ویب ڈیسک ) پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کے حوالے سے باضابطہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 سے 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اس دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارشوں کا امکان ہے۔

14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیر آباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارشیں متوقع ہیں۔اس کے علاوہ خوشاب، میانوالی، نور پور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے واضح کیا ہے کہ مون سون بارشوں کے باعث بڑے شہروں بالخصوص راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی اقدامات مکمل رکھے۔اس کے علاوہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال کے پیش نظر محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو باضابطہ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شہریوں سے التماس کی گئی ہے کہ خراب موسم کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی اور طوفان کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھی جائے کیونکہ مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے سب سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لیں، گرج چمک اور طوفانی کیفیت میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں۔بچوں کا خاص خیال رکھا جائے اور انہیں نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کے تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیا جائے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ایمرجنسی میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔

Watch Live Public News