(ویب ڈیسک) نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر ( این ای او سی) نے 14 سے 17 ستمبر کے دوران خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
این ای او سی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا قوی امکان ہے۔
جاری الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بالائی کے پی کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان، پشاور اور قریبی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔
این ای او سی کے جائزہ ماڈلز کے مطابق اچانک بننے والے موسمی نظام کے باعث مختصر دورانیے میں غیر معمولی بارش ہو سکتی ہے۔ اس کے نتیجے میں نشیبی شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ اور پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شدید بارشوں کے دوران شہری ندی نالوں، نشیبی علاقوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہونے والی ہنگامی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔بروقت اور مستند معلومات، الرٹس اور حفاظتی تدابیر جاننے کے لیے شہری "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کریں۔