سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کیلئے پیٹ کمنز کی قیادت میں اپنی 18 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ کیویز 24 سال بعد پاکستانی سرزمین پر اپنا کھیل پیش کرینگے۔ بتایا جا رہا ہے کہ آسٹریلیا کا کوئی بھی کھلاڑی پاکستان کیخلاف سیریز سے دست بردار نہیں ہوا۔ حال ہی میں برطانیہ کیخلاف ایشیز سیریز کھیلنے والے کھلاڑی ہی اس ٹیم کا حصہ ہونگے۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور سیکیورٹی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اس ٹیم میں آسٹریلیا کے تمام اہم کھلاڑی شامل ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق ان کی قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت پیٹ کمنز کرینگے جبکہ سٹیو سمتھ نائب کپتانی کرینگے۔ مہمان ٹیم میں ان کے علاوہ ڈیوڈ وارنر، میچل سویپسن، مچل سٹارک، مائیکل نیصر، مچل مارش، نیتھن لیوئن، مارنوس لابو شین، عثمان خواجہ، جوش انگلس، ٹریوس ہیڈ، جوش ہیزل ووڈ، مارکوس ہیرس، کیمرون گرین، ایلیکس کیری، اسکاٹ بولینڈ اور آشٹن اگر شامل ہیں۔ https://twitter.com/CricketAus/status/1490833698215710722?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1490833698215710722%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Furdu.geo.tv%2Flatest%2F276942- پاکستان آسٹریلیا سیریز کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تین ٹیسٹ، تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز راولپنڈی سے ہو گا۔ مہمان ٹیم 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 12 سے 16 مارچ تک کراچی اور تیسرا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ چاروں وائٹ بال میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنی ٹیم کو دورہ پاکستان پر بھیجنے کی منظوری دیدی ہے۔ دونوں کرکٹ بورڈز نے اتفاق کیا ہے کہ مہمان سائیڈ 27 فروری کو بذریعہ چارٹرڈ پرواز اسلام آباد پہنچے گی جہاں آئسولیشن مکمل کرنے کے بعد انہیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹریننگ کی اجازت ہوگی۔ چیف ایگزیکٹو کرکٹ آسٹریلیا نک ہاکلے نے کہا ہے کہ دو ورلڈ کلاس ٹیموں کے درمیان دلچسپ سیریز کے منتظر ہیں۔ آسٹریلیا کی ٹیم 24 سال میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔