طیبہ گل کے الزامات، عمران خان تحقیقات کا سامنا کریں

طیبہ گل کے الزامات، عمران خان تحقیقات کا سامنا کریں
سابق چیئرمین نیب ہراسمنٹ سکینڈل میں وزیراعظم ہاؤس کے ملوث ہونے کی تفصیلات پر وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ خاتون طیبہ گل کے ڈیڑھ ماہ وزیراعظم ہاؤس میں رکھے جانے کے بیان سے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔ خورشید شاہ نے چونکا دینے والے الزامات سامنے آنے پر عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی پارٹی قیادت سے الگ ہو جائیں۔ سنگین الزام کے بعد ان کا سیاست میں حصہ لینے کا اب کوئی حق نہیں رہا۔ رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے صاف شفاف تحقیقات کا سامنا کریں۔ ریاست ماں کی طرح ہے، وزیراعظم ہاؤس کی حیثیت قوم کی بیٹیوں کے لیے دارالامان کی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کو قوم کی بیٹیوں کے لیے ہراسانی مرکز بنا دیا جانا پوری ریاست کے لیے باعث شرمندگی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، تم اتنے گھناؤنے کھیل میں ملوث رہے، شرم آنی چاہیے۔ واضح ہو رہا کہ عمران خان نے سابق چیئرمین نیب کو بلیک میل کرنے کے لیے متاثرہ خاتون کو وزیراعظم ہاؤس میں رکھا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ثابت ہو گیا اپنے سیاسی مخالفین کو سبق سکھانے کے لیے عمران خان نے ہر حد پار کی۔ افسوس اس شرمناک کام میں بھی عمران خان نے متاثرہ خاتون کو ریاست مدینہ کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست اور ریاست کو داغدار کرنے کا اس سے بڑا الزام کیا ہو گا۔ پاکستان کے تمام ادارے، پارلیمان ہر صورت معاملے کی تہہ تک پہنچیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔