ویب ڈیسک: مل بھر میں بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 600 میگاواٹ ریکارڈ کیا گیا۔
پاور ڈویژن ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 25 ہزار میگاواٹ اورمجموعی پیداوار 19 ہزار 400 میگاواٹ ہے۔ اس تناسب سے ملک بھر میں مجموعی طور پر بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 600 میگاواٹ تک پہنچ چکا ہے۔
ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 6 سے 8 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں 8 سے 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جب کہ لائن لاسز والے علاقوں میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔
ملک میں پن بجلی ذرائع سے 700 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جب کہ تھرمل پاور پلانٹس 540 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں۔ اسی طرح نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 7 ہزار 600 میگاواٹ اور ونڈ پاور پلانٹس سے 900 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
سولر پاور پلانٹس سے 172، بگاس سے 123 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے۔ نیوکلئیر پاور پلانٹس سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار ہورہی ہے۔
کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ:
کراچی میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں چار گھنٹوں کی لگاتار بجلی کی بندش کی جارہی ہے۔ لوڈشیڈنگ کا زیادہ تر دورانیہ رات کے اوقات میں ہے۔
گلشنِ جمال، گلستانِ جوہر، فیڈرل بی ایریا سمیت متعدد علاقوں میں شہریوں کا برا گرمی سے برا حال ہے۔ بچے بوڑھے اور مریض گرمی سے بلبلا اٹھے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کی روایتی بیان بازی جاری ہے۔ کے الیکٹرک نے روایتی مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ 70 فیصد علاقے لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔ لوڈشیڈنگ کا تعین بلوں کی ادائیگی کے تحت کیا جاتا ہے۔ لوڈشیڈنگ کی وجہ اکثر تکنیکی خرابی ہوتی ہے۔