عمران خان کا 9مئی کے موقع پرقوم کیلئے اہم پیغام

عمران خان کا 9مئی کے موقع پرقوم کیلئے اہم پیغام
کیپشن: عمران خان کا 9مئی کے موقع پرقوم کیلئے اہم پیغام

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ  9 مئی کو جس فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کی کوشش کی گئی وہ سب پہلے سے طے شدہ تھا۔9 مئی 2023 کی حقیقت قوم پر پوری طرح واضح ہے،قوم کو بتایا جائے کہ 9 مئی 2023 کو کس کے حکم پر مجھے اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیم فوجی مسلح دستے کے ذریعے اغواء کیا گیا۔نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حکومتی جماعت کے ایک رکن کو فارم 47 کا طعنہ دے کر نہ صرف سارے راز کا پردہ چاک کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں ناحق قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر(ایکس)میں قوم کے نام اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے جس کی سیاسی جدوجہد نہایت تابناک ہے۔اپنی 28 سالہ سیاسی جدوجہد کے دوران پاکستان تحریک انصاف نے ایک پرامن جماعت کے طور پر ہمیشہ ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ملک میں عدل و انصاف کے فروغ کو اپنی پہچان بنایا۔

عمران خان نے کہا کہ 9 مئی کو جس فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کی کوشش کی گئی وہ سب پہلے سے طے شدہ تھا۔9 مئی 2023 کی حقیقت قوم پر پوری طرح واضح ہے اور اگر کوئی سمجھتا ہے کہ طاقت کے اندھے استعمال اور ریاستی وسائل کے بل بوتے پر وہ حقیقت کو جھٹلا سکتا ہے تو یقیناً بڑی غلط فہمی کا شکار ہے۔

عمران خان نے کہا کہ چنانچہ میں ایک مرتبہ پھر دہراتا ہوں کہ قوم کو بتایا جائے کہ 9 مئی 2023 کو کس کے حکم پر مجھے اسلام آباد ہائیکورٹ سے نیم فوجی مسلح دستے کے ذریعے اغواء کیا گیا۔

* کس کے حکم پر اسلام آباد ہائیکورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی گئی۔

* کس کے حکم پر میرے پرتشدد اغواء کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے نہتے شہریوں پر گولیاں برسائی گئیں۔

* کس کے حکم پر مقتولین کے اہل خانہ کو ڈرایا دھمکایا گیا اور اپنے پیاروں کے قتل کے خلاف قانونی کارروائی سے باز رکھنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا۔
* کس کے حکم پر کور کمانڈر ہاؤس اور کینٹ کی سیکورٹی ہٹائی گئی؟

عمران خان نے کہا کہ 9مئی کے واقعات کو تاریخ کے آئینے میں دیکھتا ہوں تو مجھے 1971 کے واقعات سے واضح مماثلت دکھائی دیتی ہے۔24 مارچ 1971 کو اس وقت کا حکمران یحییٰ خان سیاسی فریقین سے مزاکرات کے لیے ڈھاکہ میں موجود تھا مگر مزاکرات کی کامیابی میں ہرگز سنجیدہ نہ تھا۔چنانچہ 24 گھنٹوں کے اندر اندر یعنی 25 مارچ کو مشرقی پاکستان میں فل سکیل فوجی آپریشن لانچ کر دیا گیا۔اسی طرز پر 9 مئی کو ایک فالس فلیگ آپریشن کے تحت پہلے مجھے ہائیکورٹ سے اغواء کیا گیا اور پھر پورے ملک سے ہمارے ہزاروں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔

عمران خان نے کہا کہ پورے کا پورا ریاستی نظام جھوٹ اور فراڈ پر کھڑا ہے۔سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تو دھرنے احتجاج اور لانگ مارچز کے ذریعے ان کو دھمکایا گیا جس پر انہوں نے معاملہ جرگے کے سپرد کیا۔ جرگے میں یہ بات واضح طور پر بیان کی گئی کہ نواز شریف تب تک واپس نہیں آئے گا جب تک قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس نہیں بنتا۔

چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حکومتی جماعت کے ایک رکن کو فارم 47 کا طعنہ دے کر نہ صرف سارے راز کا پردہ چاک کردیا ہے بلکہ ہمارے موقف کو بھی درست ثابت کیا ہے۔ اس سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط اور کمشنر راولپنڈی کے اعترافی بیان نے ساری حقیقت قوم کے سامنے کھول کر رکھ دی۔ 

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ یہ سب کچھ اس لندن پلان کے تحت جس کے واضح طور پر تین اہداف  تھے۔

نمبر 1 مجھے جیل میں ڈالا جائے۔
نمبر 2 نواز شریف کے کیسز معاف کیے جائیں۔
نمبر 3 تحریک انصاف کو کرش کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ اس پلان پر عملدرآمد میں چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر واضح طور پر بطور سہولت کار دن رات مصروف عمل ہیں،اسی پلان کے تحت میرے خلاف سینکڑوں جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے جبکہ زرداری ، نواز اور ان کے بچوں کے کیسز کو معاف کر دیا گیا۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ملک میں میڈیا پر اس قدر پابندیاں عائد ہیں کہ کوئی آواز نہیں نکلتی تاہم اس کے باوجود گندم کا سکینڈل باہر آ چکا ہے اگر میڈیا پر پابندیاں عائد نہ کی جاتیں تو اب تک نہ جانے کتنے ہی سکینڈلز سامنے آجاتے۔ہم اپنے کسانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ریاست پہلے ہی کسانوں کو کچھ نہیں دیتی اب ان سے ان کی محنت کا صلہ بھی چھینا جارہا ہے۔ان کے سارے منصوبے اللہ کے حکم سے خاک میں مل رہے ہیں اور عوام حقیقت کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہی ہے یہی وجہ ہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں عوام نے انہیں بری طرح شکست دی۔

Watch Live Public News