اب فوری عام انتخابات کرواؤ ، فرخ حبیب

اب فوری عام انتخابات کرواؤ ، فرخ حبیب
اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے صوبائی اور قومی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے پر پی ٹی آئی کا ردعمل سامنے آگیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے صوبائی اور قومی ضمنی انتخابات ملتوی کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بتائے ؟ فیصل آباد، ملتان ، خانیوال ، بہاولنگر ، شیخو پورہ ، ننکانہ ، کراچی ، چارسدہ ، پشاور، مردان ، کرم میں کون سا سیلاب آیا ہے؟۔ فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت سے خوفزدہ ہوکر بھاگ گئے ہے؟ چھپ چھپ کر کاروائیوں سے ملک کا فائدہ نہیں نقصان ہورہا ہے، اب فوری عام انتخابات کرواؤ۔ خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حالیہ بارشوں‌اور سیلابی صورتحال کے باعث 13 قومی و صوبائی حلقوں میں الیکشنز کو ملتوی کردیا ہے.ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا ہے. سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے سندھ ، کے پی اور جنوبی پنجاب میں ذرائع آمد ورفت مخدوش ہو چکے ہیں، ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے ، قومی ایمرجنسی کی صورتحال ہے، تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوان سیلاب متاثرین کی ریلیف میں مصروف ہیں. سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے وزرات داخلہ سے ضمنی انتخابات کے لیے پاک فوج، رینجرز طلب کی تھی، قومی ایمرجنسی کی وجہ سے الیکشن کے انعقاد کے لئے انکی تعیناتی کی یقین دہانی نہیں کروائی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابات کا پرامن انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، ضمنی انتخابات میں پاک فوج، رینجرز اور کانسٹیلبری کی امن وامان کو برقرار رکھنے کے لئے دستیابی ضروری ہے، ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ کی تاریخوں کو ملتوی کیاجاتا ہے، باقی مراحل الیکشن شیڈول کے مطابق مکمل ہوں گے، یہ فیصلہ مفاد عامہ کے تحت کیا گیا ہے تاکہ پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔