ہالینڈ کو پاکستان کی برآمدات میں 32 فیصد سے زائد کا اضافہ

ہالینڈ کو پاکستان کی برآمدات میں 32 فیصد سے زائد کا اضافہ
اسلام آباد: ( پبلک نیوز) پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پہلی ششماہی میں ہالینڈ کو پاکستان کی برآمدات میں 32 اعشاریہ 23 فیصد جبکہ ہالینڈ سے درآمدات میں 74 اعشاریہ 37 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں ہالینڈ کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 682 اعشاریہ 45 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 32 اعشاریہ 23 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ہالینڈ کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 516 اعشاریہ 10 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ دسمبر 2021 میں ہالینڈ کو برآمدات سے ملک کو 127 اعشاریہ 88 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو دسمبر 2020ء کے مقابلہ میں 21 اعشاریہ 90 فیصد زیادہ ہے۔ دسمبر 2020ء میں ہالینڈ کو پاکستان برآمدات کا حجم 104 اعشاریہ 90 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ مالی سال 2021ء میں ہالینڈ کو برآمدات سے ملک کو 1 اعشاریہ 118 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہواتھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کی پہلی ششماہی میں ہالینڈ سے درآمدات میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 74 اعشاریہ 37 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ جولائی سے لے کر دسمبر 2021ء تک کی مدت میں ہالینڈ سے 457 اعشاریہ 035 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئی، جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 262 اعشاریہ .10 ملین ڈالر تھیں۔ دسمبر 2021ء میں ہالینڈ سے درآمدات پر 91 اعشاریہ 55 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو دسمبر 2020ء میں 60 اعشاریہ 03 ملین ڈالر تھا۔ مالی سال 2021ء میں ہالینڈ سے 465 اعشاریہ 64 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں۔

Watch Live Public News