ویب ڈیسک: ایس آئی ایف سی کی معاونت سے چین کے رُویِی شینڈونگ گروپ نے پاکستان کے صوبہ سندھ اور پنجاب میں ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیکسٹائل پارکس کا قیام سی پیک کا حصہ ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
چین سے آئے ہوئے رُویِی شینڈونگ گروپ کے وفد نے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران اس منصوبے کے پیش نظر پاکستان بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
چین کے وفد نے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ایس آئی ایف سی کے اقدامات پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
ٹیکسٹائل پارکس کے قیام کا مقصد ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 5 بلین ڈالر تک اضافہ اور عالمی ٹیکسٹائل حب کے طور پر پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانا ہے۔
اس منصوبے کے تحت چین کی تقریباً 100 بڑی ٹیکسٹائل کمپنیوں کی سرمایہ کاری کے ذریعے برآمدات میں 2 بلین ڈالر سے 5 بلین ڈالر تک اضافہ متوقع ہے۔
اس کے علاوہ یہ منصوبہ مقامی باشندوں کے لیے 5 لاکھ تک ملازمتیں پیدا کر کے معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکے گا۔
ان ٹیکسٹائل پارکس کو جدید ٹیکنالوجیز اور شمسی توانائی کے ذریعے کام کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جائے گا جن میں کاربن کا اخراج صفر ہوگا۔
یہ ٹیکسٹائل پارکس ملک میں ٹیکسٹائل کی صنعت کی ترقی و خوشحالی سمیت معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
ایس آئی ایف سی کے تعاون سے ملک میں سرمایہ کاری کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے پالیسی سطح کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔