لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما رانا ثنا اللہ پر ایک اور مصیبت کی تلوار لٹک گئی۔ لاہور ہائیکورٹ میں لیگی رہنما رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی نئی درخواست دائر کروا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق درخواست میں رانا ثناء اللہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ رانا ثنااللہ نے 30 جنوری کو عدلیہ اور ججز کیخلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔ رانا ثنااللہ کا عدلیہ اور ججز کیخلاف بیان سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہو چکا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ اسی نوعیت کے کیسز میں نہال ہاشمی، طلال چودھری اور دیگر کیخلاف کارروائی کر چکی ہے۔ راناثنااللہ نے اپنے بیان میں نہ صرف ججز کو دھمکیاں دیں بلکہ عدلیہ کو متنازع بھی بنایا۔ رانا ثنااللہ نے اٹارنی جنرل آفس کے نواز شریف کو واپس لانے سے متعلق شہباز شریف کو بھجوائے گئے خط پر بیان دیا۔ استدعا کی گئی کہ ممبر قومی اسمبلی کو عدالت میں طلب کر کے عدلیہ مخالف بیان دینے پر وضاحت مانگی جائے۔ ججز اور عدلیہ کیخلاف بیان دینے پر رانا ثنااللہ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔