وزیر اعظم کی قوم سے ترکیہ، شام میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کی اپیل

وزیر اعظم کی قوم سے ترکیہ، شام میں اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کی اپیل
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پوری پاکستانی قوم سے اپیل ہے کہ ترکیہ اور شام میں جس قدر ہو سکے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کریں۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ترکیہ اور شام میں زلزلہ زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں پر آج جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس کو پاکستان کے ترکیہ میں سفیر نے زلزلے سے تباہی کے اعدادو شمار کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے انکی امدادی کوششوں میں بہتر کردار کو سراہتے ہوئے انکو ہدایت کی کہ وہ ترکیہ حکومت اور پاکستانی اداروں کے درمیاں روابط کر مزید مضبوط کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی طرف سے نہ صرف امدادی سامان اور ریسکیو ٹیمیں اس وقت ترکیہ اور شام پہنچ چکی ہیں اور امدادی کاروائیوں میں ہاتھ بٹا رہی ہیں جبکہ پی آئی اے مسلسل پروازوں سے لاہور اور اسلام آباد سے ترکیہ اور شام سامان کی ترسیل یقینی بنا رہا ہے۔ مزید برآں آئندہ چند دن میں ٹرکوں کے قافلے بذریعہ ایران امدادی سامان لے کر ترکیہ اور شام روانہ ہوں گے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ زلزلہ زدگان کی امداد کیلئے ملک گیر آگاہی مہم جاری ہے۔ وزیرِ اعظم کے زلزلہ زدگان کیلئے قائم کردہ فنڈ کے اکاؤنٹ نمبر G-12166 میں امدادی رقوم جمع کروائی جاسکتی ہیں جبکہ دیگر امدادی سامان کا عطیہ این ڈی ایم اے کے کسی بھی کلیکشن سینٹر میں جمع کروایا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں این ڈی ایم اے ملک بھر میں 13 کلیکشن سینٹرز بنا چکی ہے جبکہ وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ان کلیکشن سینٹرز کو ہر ضلع میں توسیع دی جا رہی ہے، درکار امدادی سامان میں سرد موسم کی مناسبت سے خیمے، گرم کپڑے، کمبل، موزے، بچوں کی تیار خوارک وغیرہ شامل ہیں۔ اجلاس کو پاکستان کی طرف سے بھیجی جانے والی ریسکیو ٹیموں، امدادی سامان اور 30 بستروں پر مشتمل اسپتال کی موجودہ کارکردگی سے بھی آگاہ کیا گیا، زخمیوں کے علاج کیلئے پاکستان کی طرف سے مزید ایک ایک موبائل اسپتال ترکیہ اور شام روانہ کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، معاونِ خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین این ڈی ایم اے، اور پاکستان کے ترکیہ میں سفیر کے علاوہ متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ میری پاکستان کے مخیر حضرات، صنعتکاروں اور کاروباری افراد سے وزیرِ اعظم فنڈ برائے زلزلہ زدگانِ ترکیہ اور شام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل ہے۔ پاکستانی عوام زلزلہ زدگان کیلئے امدادی اشیاء این ڈی ایم اے کے کلیکشن سینٹرز پر جمع کروا سکتے ہیں۔مصیبت کی اس گھڑی میں پاکستان ترکیہ جیسے اپنے دیرینہ دوست کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کی امدادی کاروائیوں کو منظم کرنے کیلئے اعلی سطحی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق، وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کمیٹی کے رکن ہونگے۔ وزیرِ تعلیم رانا تنویر حسین، وزیرِ مذہبی امور مفتی عبدالشکور، چیئرمین این ڈی ایم اے، پاکستان کے ترکیہ اور شام میں سفیر اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی کمیٹی کے ممبر ہونگے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کمیٹی کا روزانہ کی بنیادوں پر اجلاس امدادی سامان کی ترکیہ اور شام ترجیحی بنیادون پر ترسیل یقینی بنائے گا، پاکستان سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں سے امدادی سامان بھیجا جائے، این ڈی ایم اے ہنگامی بنیادوں پر پاکستان کے ہر ضلع میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے امداد اکٹھی کرنے کیلئے کلیکشن سینٹر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے تمام صوبائی حکومتوں سے امدادی سرگرمیوں میں تیزی لانے کیلئے رابطے بڑھائے، یقینی بنایا جائے کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ زدگان کیلئے بھیجا جانے والا سامان معیاری ہو، کمبل، گرم کپڑے، بچوں کی خوراک اور خیموں کا فوری بندوبست کیا جائے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترکیہ نے 2010 اور 2022 کے سیلاب میں پاکستانیوں کی ہر طرح سے مدد کی، محدود وسائل کے باوجود پاکستان اپنے ترک بہن بھائیوں کی امداد میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا، پاکستان نے امدادی سامان بھجوانے کیلئے ایئر کوریڈور قائم کر دیا ہے، بہت جلد پاکستان سے امدادی سامان لیئے ٹرکوں کا قافلہ بھی ترکیہ اور شام روانہ ہو گا۔ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے تیس بستروں پر مشتمل موبائل ہسپتال کیلئے ٹیم اور سامان بھی ترکیہ پہنچ کر کام کر رہا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ دوسرا موبائل اسپتال بھی عملے و سامان سمیت روانہ کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی آواز پاکستانیوں تک پہنچانے کیلئے وزیرِ اطلاعت مریم اونگزیب، انکی ٹیم اور پاکستانی میڈیا کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں، پاکستان ایئرفورس، پی آئی اے اور این ڈی ایم اے کی اس آپریشن میں بھرپور شمولیت بھی لائقِ تحسین ہے، پاکستان کی ریسکیو ٹیمیں اور پاک فوج کی ٹیمیں بھی ترکیہ میں بہتریں طریقے سے امدادی کاروائیوں میں حصہ لے رہی ہیں، پوری پاکستانی قوم سے اپیل ہے کہ ترکیہ اور شام میں جس قدر ہو سکے اپنے مسلمان بہن بھائیوں کی مدد کریں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔