ہندو لڑکے سے شادی کرنیوالی سیما حیدر کے بچوں کے بارے اہم خبر

ہندو لڑکے سے شادی کرنیوالی سیما حیدر کے بچوں کے بارے اہم خبر
کیپشن: Seema Haider's children
سورس: web desk

(ویب ڈیسک)نیشنل کمیشن آف چائلڈ رائٹس (این سی آر سی) نے سیما حیدر نامی خاتون کے 4 بچوں کی بھارت سے وطن واپسی کے لیے وزارت خارجہ کو خط لکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیما نامی خاتون نے اپنے چار بچوں سمیت نیپال کے راستے بھارت جا کر اپنے عاشق سے شادی کر لی تھی، این سی آر سی کی سربراہ نے اس سلسلے میں وزارت خارجہ پاکستان کو خط لکھ کر بھارت میں موجود 4 بچوں کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کی اپیل کی ہے،خط میں وزارت خارجہ سے اپیل کی گئی ہے کہ بچوں کے معاملے میں مداخلت کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

خط میں کہا گیا کہ چائلڈ رائٹس ایکٹیوسٹ خاتون اقرا جونیجو نے این سی آر سی کو خط لکھ کر غلام حیدر کے بچوں کو انڈیا سے وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کی اپیل کی ہے، اور کہا کہ غلام حیدر کی اہلیہ بچوں کے والد کی مرضی کے بغیر نیپال کے راستے چار بچے انڈیا لے گئی ہے۔

خط میں اس تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ سیما حیدر نے اپنے شوہر سے طلاق لیے بغیر ایک ہندو سے شادی کی، اور اب بچوں سے جبری طور پر مذہب تبدیل کرایا جا رہا ہے۔خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیما حیدر انڈیا میں مقدمات کا سامنا کر رہی ہے، اگر اس کو سزا ہو گئی تو بچوں کی دیکھ بھال کون کرے گا؟

 اس لیے این سی آر سی وزارت خارجہ سے درخواست کرتی ہے کہ غلام حیدر کے بچوں کو سپورٹ اور تحفظ فراہم کیا جائے، اور پاکستانی بچوں کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

Watch Live Public News