پاکستانیو جلدی کرو، سویڈن چلو: 30 ہزار میں 5 مرلہ پلاٹ آپ کا منتظر 

پاکستانیو جلدی کرو، سویڈن چلو: 30 ہزار میں 5 مرلہ پلاٹ آپ کا منتظر 
کیپشن: Hurry up Pakistanis, let's go to Sweden: 5 marla plot for 30 thousand is waiting for you

ویب ڈیسک: (علی زیدی) معاشی حالات سے تنگ پاکستانیوں کیلئے اچھی خبر آگئی ہے۔ سویڈن جیسے پرکشش ملک میں صرف چند ہزار روپے میں اپنے پلاٹ کا مالک بننے کا نادر موقع آپ کیلئے ہے۔ 

سویڈن حکومت کی جانب سے کیے گئے پرکشش اعلان نے پاکستان سمیت دنیا بھر کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ہے۔ بڑی پیشکش میں صرف ایک ڈالر فی مربع میٹر میں اپنے پلاٹ کا مالک بننے کا موقع فراہم کیا ہے۔ 

یہ اعلان سویڈن کے ایک قصبے کے میئر کی جانب سے کیا گیا ہے۔ جس نے انتہائی سستی یا بالکل مفت کے برابر زمین فروخت کیلئے پیش کردی۔ میڈیا کو دیے گئے اپنے بیان میں میئر یوہاں مینسن نے بتایا کہ مغربی سویڈن کے قصبے "گوٹین" میں انہوں نے ایک سویڈن کرونر یعنی لگ بھگ ایک ڈالر سے بھی کچھ کم رقم میں فی مربع میٹر زمین کی فروخت کی پیشکش کی۔ جس کے جواب میں دنیا بھر سے درخواستوں کی بھرمار ہوگئی۔ اس وجہ سے فروخت کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔ 

میئر نے مزید بتایا کہ یہ پیشکش اپریل میں کی گئی تھی جو کہ ایک مذاق پر مبنی آئیڈیا بھی تھا۔ جسے انہوں نے ایک مارکیٹنگ آپریشن کا نام بھی دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے قصبے کی آبادی 5 ہزار نفوس پر مشتمل ہے اور قصبے میں 30 پلاٹ کئی دہائیوں سے لاوارث پڑے تھے۔ اس لیے انہیں انتہائی کم قیمت پر فروخت کیلئے پیش کردیا گیا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی "یورپ، ایشیاء، خاص طور پر بھارت اور پاکستان کے ساتھ ساتھ امریکا، آسٹریلیا اور یہاں تک کہ جنوبی امریکا سے خریداروں نے ان پلاٹوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔"

میئر نے کہا کہ خیال یہ تھا کہ کم آباد علاقے میں مزید مکانات تعمیر کیے جائیں اور علاقے کی ترقی میں مدد کی جائے۔ پلاٹوں کا سائز 7 سے 1,200 مربع میٹر تک ہے۔ لیکن سستے محض پلاٹ ہیں، اس کے بعد کے مراحل نہیں۔ پلاٹ خریدنے والا دو سال کے اندر اس زمین پر مکان بنانے کا پابند ہے۔

پھراس میں اضافی اخراجات شامل ہیں، بشمول ہر بلڈنگ پرمٹ کے30,000 کرونر، 170,000 کرونر پانی کے کنکشن کی فیس، 40,000 کرونر بجلی کی اور 30,000 کرونرانٹرنیٹ کے لیے۔

مہم شروع ہونے کے چند ہفتوں بعد، گوٹین کے تین پلاٹ فروخت ہوگئے۔

میئر کا کہنا تھا کہ "یہ اس طرح کی ایک چھوٹی کمیونٹی کے لئے ایک بڑی کامیابی تھی"۔ "لیکن ہم کبھی سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ آگے ہمارے لیے کیا ہے۔"

جون کے آخر میں ایک مقامی ٹیلی ویژن کی رپورٹ نے سنو بال کا اثر دکھانا شروع کیا۔ سویڈش میڈیا میں متعدد نےاس کہانی کو اٹھایا اور پھر ایک ویڈیو TikTok پر پوسٹ کی گئی اور اس طرح لاکھوں لوگوں نے گوٹین قصبے اور وہاں فروخت کے لیے دستیاب سستے پلاٹوں کا کھوج لگانا شروع کیا۔

مئیر نے بتایا کہ کچھ دنوں بعد، جب انگریزی زبان کے دو میڈیا گروپوں نے اس کہانی کا احاطہ کیا تو یہ ایک عالمی خبر بن گئی۔

تب سے ممکنہ خریداروں کی ای میلز اور فون کالز سے میونسپلٹی بھری پڑی ہے۔ گوٹین کے مئیر کو تمام پیشکشوں پر غور کرنے کے لیے عارضی طور پر فروخت معطل کرنی پڑی ہے۔

لیکن وہ خوش ہیں، بقول ان کےاس مہم کے ساتھ، "ہم نے گوٹین کو دنیا کے نقشے پر ڈالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔"

اب زمین کی نیلامی کے ذریعےفروخت 7 اگست کو دوبارہ شروع ہوگی۔

Watch Live Public News