علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے پر ترین گروپ تقسیم

علیم خان کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے پر ترین گروپ تقسیم

علیم خان کے معاملے پر ترین گروپ میں پھوٹ کا اندیشہ، علیم خان کو وزیراعلی پنجاب نامزد کرنے کی صورت میں ترین گروپ تقسیم ہونے کا قوی امکان.

ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کے بعد ترین گروپ کے اہم رہنما علیم خان کے خلاف متحد ہو گئے۔ نعمان لنگڑیال سمیت دیگر 7 ارکان نے تحفظات کا اظہار کر دیا، نعمان لنگڑیال اور دیگر ارکان نے جہانگیر ترین کو علیم خان کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق اراکین نے جہانگیر ترین سے کہا مشکل کی گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ کھڑے رہے، علیم خان مشکل وقت میں ساتھ نہیں تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ کی سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات بھی اسی تناظر میں تھی۔ ترین گروپ نے سپیکر سے ملاقات کرکے جہانگیر ترین کو واضح پیغام دے دیا.

واضح رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ترین گروپ کے رہنماؤں کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور پنجاب کے معاملات پر مشاورت کی گئی، اس دوران چودھری پرویزالٰہی نے جہانگیر ترین کی خیریت دریافت کی اور جہانگیر ترین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا.

ترین گروپ نے پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع ہونے کے بارے میں استفسار کیا تاہم سپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ ابھی عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع نہیں ہوئی۔ ترین گروپ نے کہا پنجاب تباہ ہو چکا ہے، عوام کے مفاد کے لئے سامنے آنا ہوگا۔ ہم عثمان بزدار کو ہٹانے نکلے ہیں ہمارا ساتھ دیا جائے.

ملاقات میں صوبے اور عوام کی بہتری کے لیے ترین گروپ اور چودھری پرویزالٰہی کا رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔