ویب ڈیسک: پنجاب کے ضلع ملتان کے ایک نواحی علاقے میں شہریوں نے ایک شخص کو کتے کا سر کاٹتے ہوئے پکڑ لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ شخص رات کی تاریکی میں کتے کا سر دھڑ سے الگ کر کے اور کھوپڑی سے دماغ نکال کر پکانے کی تیاری کر رہا تھا۔ مقامی صحافیوں کے مطابق اس شخص کو گذشتہ کئی ماہ سے مردہ جانوروں کا گوشت کھاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں یہ شخص وہاں موجود افراد کو کتے کا سر اور دھڑ دکھا رہا ہے۔
اُردو نیوز کے مطابق مقامی صحافی محمد سعید کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ اس شخص کو اس سے قبل بھی کئی بار عجیب و غریب حرکات کرتے ہوئے دیکھ چکے ہیں، اس لیے اس بار جب اس کا تعاقب کیا تو اسے کتے کا سر کاٹ کر پکاتے ہوئے پکڑ لیا۔
شہریوں کے مطابق مقامی لوگ متعدد بار اسے یہ سب کرنے سے منع کر چکے ہیں لیکن یہ کسی کی بات نہیں مانتا۔چند دوستوں نے ویڈیو بناتے ہوئے اس کا تعاقب کیا تو یہ ایک جگہ پر گہری تاریکی میں کتے کا سر کاٹ کر پکا رہا تھا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں اس شخص کو ایک ہاتھ میں چھری جبکہ دوسرے ہاتھ میں ٹارچ تھامے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو بنانے والوں نے جب اُس سے دریافت کیا کہ اُس نے (کتے کا گوشت) پکا کے کہاں رکھا ہے؟ تو یہ شخص جواب میں سیٹی بجا کر اشارہ کرتا ہے ’وہ تو پیٹ کے اندر چلا گیا ہے۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ شخص ایک چار دیواری کے اندر سنسان سی جگہ پر آگ جلا کر کچھ پکانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس شخص نے الٹی ٹوپی پہن رکھی ہے اور بڑی مونچھیں رکھی ہوئی ہیں۔ مقامی لوگ جب اس سے سوال جواب کرتے ہیں تو یہ ان کو جانے کا کہتا ہے۔
ویڈیو میں یہ شخص بتا رہا ہے کہ اس نے کتے کا سر کاٹ کر کھا لیا ہے جس کے بعد وہ کتے کا بقیہ سر اور دھڑ دکھاتا ہے۔ اس دوران وہاں موجود افراد متلی کرتے ہوئے اسے مزید بات کرنے سے روک دیتے ہیں۔
مقامی صحافی محمد سعید کے مطابق اس شخص نے لوگوں کو بتایا کہ اس نے پہلی بار کتا کھایا ہے اور اس سے قبل وہ مردار مرغیاں کھاتا رہا ہے۔
اس شخص نے بتایا کہ وہ مردہ جانوروں کا گوشت کھانے کا شوقین ہے اور گھر والوں سے چوری چھپے رات کے اندھیرے میں مردہ جانوروں کی تلاش میں نکلتا ہے۔ اس نے یہ بھی بتایا کہ وہ گذشتہ چار یا پانچ ماہ سے مردہ جانوروں کا گوشت کھا رہا ہے۔
مقامی صحافیوں کے مطابق اس شخص کا خفیہ طور پر تعاقب کرنے کے بعد اسے پکڑا گیا اور پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ مقامی پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او چوہدری رمضان گل نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’اس شخص کو شہریوں نے کتے کا سر کاٹنے کے بعد پکڑا۔‘
پولیس افسر کے مطابق کتے کا سر کاٹنے والا شخص ذہنی مریض ہے جسے شہریوں کی شکایت پر گرفتار کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہریوں نے جب اس شخص کو پکڑا تو اس سے پوچھا کہ آپ اس کتے کا کیا کر رہے ہیں؟ تو اس نے جواب دیا کہ ’میں پکا کر کھاؤں گا۔‘
اس نے ابھی گوشت پکایا نہیں تھا۔ یہ چوںکہ ذہنی طور پر بیمار ہے اس لیے اس کو ایسی حرکات کرتے ہوئے اکثر دیکھا گیا ہے۔ یہ خود کو کسی یونیورسٹی کا طالب علم بھی بتاتا ہے۔