ویب ڈیسک: عید الفطر کے موقع پر بشریٰ بی بی کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں ملاقات کرائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بشریٰ بی بی کی آمد پر سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے سامنے سڑک کی ایک جانب کو ٹریفک کیلئے مکمل بند کردیا گیا، اس موقع پر تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی اڈیالہ جیل کے باہر پہنچ گئی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی شمالی پنجاب کی صدر سیمابیہ طاہر کی قیادت میں بانی پی ٹی آئی سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
پی ٹی آئی کارکنان نے اڈیالہ جیل جانے والی سڑک بلاک کردی جس پر پولیس نے احتجاجی مظاہرین کو جیل کے مرکزی دروازے کی جانب جانے سے روک دیا، مظاہرین کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور عمران خان کو رہا کرو کے نعرے لگائے گئے۔ جیل کالونی گیٹ سے آگے جانے کی اجازت نہ ملنے پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا، بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی جس کے بعد پولیس بشریٰ بی بی کو اڈیالا جیل سے لیکر واپس بنی گالا لے گئی۔