بھارتی کھلاڑی نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی

بھارتی کھلاڑی نے خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی شوٹر خوش سیرت کور سندھو نے خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی ہے۔ ان کی ہلاکت سے پورے ملک میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس کے مطابق وہ اپنی خراب کارکردگی سے پریشان تھیں، اس لیے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ خوش سیرت کور سندھو کا شمار بین الاقوامی شوٹر کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ ان کی عمر صرف 17 سال تھی۔ موت کے وقت وہ پنجاب کے شہر فرید کوٹ میں اپنے گھر میں موجود تھیں۔ نوجوان کھلاڑی نے قومی سطح پر کئی تمغے جیتے تھے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں کہا ہے کہ خوش سیرت کور سندھو اپنی حالیہ کارکردگی سے غمزدہ تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جمعرات کی صبح ہمیں کنٹرول روم سے کال موصول ہوئی کہ فرید کوٹ کے ہریندر نگر گلی نمبر 4 میں ایک لڑکی نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار لی ہے۔ ہم وہاں پہنچے تو ہمیں 17 سالہ خوش سیرت کور سندھو کی لاش ملی۔ اس نے پوائنٹ 22 پستول سے اپنے سر میں گولی ماری، جہاں زخموں کے نشانات ہیں۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک اس واقعے سے کوئی خود کشی نوٹ نہیں ملا ہے، لیکن اس کے اہلخانہ نے پولیس کو بتایا کہ سیرت کور حال ہی میں دہلی میں منعقدہ قومی چیمپئن شپ میں اپنی کارکردگی سے ناخوش تھی۔ فرید کوٹ سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ضروری کارروائی کے بعد خوش سیرت کور سندھو کی لاش کو اس کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ خوش سیرت کور سندھو نے اپنے کیرئیر کا آغاز تیراک کے طور پر کیا تھا لیکن 4 سال قبل انہوں نے شوٹنگ میں حصہ لیا اور قومی سطح پر کئی تمغے جیتے۔ ان کی کوچ سکھراج کور نے بتایا کہ وہ بہت باصلاحیت کھلاڑی تھیں اور ان کا اس طرح سے محروم ہونا بدقسمتی کی بات ہے۔ چونکا دینے والی بات یہ ہے کہ گذشتہ 4 ماہ میں شوٹنگ کھلاڑی کی خود کشی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ رواں سال ستمبر میں نمن ویر سنگھ برار نے موہالی کے گھر میں خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی تھی۔

Watch Live Public News