چینی الیکٹرک کمپنی BYD نے ترکیہ میں مینوفیکچرنگ پلانٹ نصب کردیا

چینی الیکٹرک کمپنی BYD نے ترکیہ میں مینوفیکچرنگ پلانٹ نصب کردیا
کیپشن: Chinese electric company BYD has set up a manufacturing plant in Turkey

ویب ڈیسک: (علی زیدی) چین کی سب سے بڑی الیکٹرک کارساز کمپنی بی وائی ڈی نے ترکی میں 1 بلین ڈالر کی لاگت سے کار مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے ترکیہ کی حکومت سے معاہدہ بھی طے پاگیا ہے۔ 

ترکیہ کی اسٹیٹ نیوز ایجنسی اناتولو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پلانٹ سے سالانہ ڈیڑھ لاکھ گاڑیوں کی پروڈکشن ممکن ہوسکے گی۔ اس سہولت سے 5 ہزار ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے اور پلانٹ 2026 کے اختتام تک پروڈکشن شروع کردے گا۔ 

یہ معاہدہ استنبول میں  منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا۔ جس میں ترکیہ کے صدر طیب اردگان اور بی وائی ڈی کے چیف ایگزیکٹو وانگ چیانگو شامل ہوئے۔ تاہم بی وائی ڈی نے معاہدے کے حوالے سے ابھی کوئی معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ 

یورپیئن یونین اور امریکا کی جانب سے بی وائی ڈی پر مسلسل دباؤ بڑھانے کے بعد یہ اعلان کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے یورپی یونیئن نے چینی الیکٹرک کاروں پر ٹیکس بڑھا دیا تھا۔ 

جس کی وجہ سے بی وائی ڈی کو لاگت کا اضافی 17 اعشاریہ 4 فیصد ادا کرنا پڑرہا تھا۔ اس کے علاوہ 10 فیصد امپورٹ ڈیوٹی بھی ادا کرنا تھی۔ 

دوسری جانب ترکیہ یورپ کی کسٹم یونین کا حصہ ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ وہاں بننے اور ایکسپورٹ ہونے والی گاڑی اضافی ٹیرف سے بچ جائے گی۔ 

اس کے علاوہ ترکیہ کی حکومت مقامی کارمینوفیکچررز کی سپورٹ کیلئے چین سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر 40 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد کرے گی۔ 

اس سے قبل بی وائی ڈی ساؤتھ ایسٹ ایشیائی ملک تھائی لینڈ میں بھی ایک پلانٹ نصب کرچکی ہے۔ کمپنی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پلانٹ سے سالانہ ڈیڑھ لاکھ یونٹس کی پیداوار ہوگی اور اس سے 10 ہزار ملازمتوں کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ 

کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اس کے بعد میکسیکو میں بھی پلانٹ نصب کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ 

Watch Live Public News

کونٹینٹ پروڈیوسر