اسلام آباد (پبلک نیوز) فردوس عاشق اعوان کی جانب سے ایم این اے قادر خان مندوخیل کو تھپڑ مارنے کا معاملہ قومی اسمبلی میں پہنچ گیا ہے۔
قادر خان مندوخیل نے قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فردوس عاشق اعوان نے عوامی منتخب نمائندے کو تھپڑ مارا۔ اس عمل سے پورے ایوان کا سر شرم سے جھک گیا۔ عمران خان نے اپنے کارکنوں کو یہ تربیت دی ہے۔
جس پر وزیر مملکت علی محمد خان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز کے واقعہ پر پورے ایوان کو افسوس ہے۔ کسی فرد کا ذاتی فعل قیادت سے نہیں جوڑا جاسکتا۔ پیپلز پارٹی کے رکن کے عمل پر بلاول بھٹو یا آصف زرداری کو گالی نہیں دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مراد سعید کو پیپلز پارٹی ارکان نے اس ایوان میں گالیاں دیں۔ سیاسی تنقید کا سیاسی جواب ہونا چاہیے۔ گالم گلوچ کے باوجود آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کا نام کبھی نہیں لیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ یہاں جو بات اتی ہے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ عمران خان کا قصور یہ ہے انھوں نے کراچی کے حقوق کی بات کی اور 'سٹیٹس کو' کو چیلنج کیا۔