پبلک نیوز: سندھ کے ضلع تھر پارکر کی تحصیل ڈاہلی میں پاک فوج کی جانب سے مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاہلی اور اس کے اطراف کے نواحی دیہات کے باسیوں کو مفت علاج کے ساتھ مفت دوائیاں اور کھانا بھی فراہم کیا گیا،میڈیکل کیمپ میں معتدد ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے سینکڑوں افراد کا طبی معائنہ اور علاج کیا ۔
میڈیکل کیمپ میں ریہیبلیٹیشن ڈیپارٹمنٹ گورنمنٹ آف سندھ کی جانب سے دو موبائل کنٹینرز فرام کیے گئے،موبائل کنٹینرز میں ایکس رے، لیب ٹیسٹ اور الٹرا ساؤنڈ کی سہولیات موجود تھیں جبکہ میڈیکل کیمپ میں 572 مریضوں کا علاج اور لیب ٹیسٹ کیا گیا جن میں 175 مرد، 209 عورتیں اور 188 بچے شامل تھے۔
میڈیکل کیمپ مریضوں کے لیب ٹیسٹ بھی کیے گئے جن میں بلڈ شوگر، ہیپاٹائٹس بی اور سی، بلڈ سی بی سی، ایچ پائلری، ایم پی (آئی سی ٹی) اور یو پی ٹی کی تشخیص کی گئی،اس کے علاوہ مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی کیمپ میں مصروف عمل رہے جبکہ میڈیکل کیمپ سے مستفید ہونے والے مریضوں نے پاکستان آرمی کے اس عمل کا دل سے شکریہ ادا کیا۔