کیو: روس کے فضائی حملے میں یوکرین کے شہر ماریوپل میں میٹرنٹی اسپتال کی عمارت تباہ ، حاملہ خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی جانب سے یوکرین کے شہر ماریوپل میں ایک میٹرنٹی اسپتال کی عمارت پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں حاملہ خواتین سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ حکام کے مطابق اب تک کسی کی موت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے نہ ہی کسی بچے کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ میٹرنٹی اسپتال پر بمباری اس وقت ہوئی جب شہریوں کی یوکرین سے ہجرت کرنے کیلئے محفوظ راہداری قائم کی گئی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یوکرین صدر ولودومیر زیلینسکی نے روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ ' اسپتال کے ملبے تلے کئی افراد اور بچے دبے ہوئے ہیں'۔ مقامی پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ 'آج روس نے ایک بہت بڑا جرم کیا ہے، یہ بغیر کسی جواز کے جنگی جرم ہے'۔حملے کے بعد ریسکیو ٹیمیں متاثرین کو نکالنے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب امریکا اور برطانیہ کی جانب سے روسی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔