وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پالیسی 2023 کا اعلان کردیا

وزیرمذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پالیسی 2023 کا اعلان کردیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے حج پالیسی 2023 کا اعلان کردیا ہے۔ مفتی عبدالشکور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے حج درخواستیں 14 نامزد بینکوں کے ذریعے 16 سے 31 مارچ تک وصول کی جائیں گی۔ سرکاری اسکیم کے تحت 50 فیصد کوٹہ پرائیویٹ حج کے لیے مختص ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں سال حجاج کے لیے عمر کی بالائی حد ختم کردی گئی ہے جبکہ ریگولر حج اسکیم میں گزشتہ پانچ سال میں حج کرنے والے درخواست نہیں دے سکیں گے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ شمالی علاقہ جات کیلیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 75 ہزار روپے جبکہ جنوبی علاقوں کیلیے حج اخراجات کا تخمینہ 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہے،انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی سے بھی حج اخراجات تقریبا ساڑھے تین لاکھ روپے بڑھ گئے ہیں جبکہ حج کے لیے زرمبادلہ کا مسئلہ درپیش تھا جو حکومت نے حل کردیا ہے۔ مفتی عبد الشکور کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اسپانسر شپ حج اسکیم متعارف کروائی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال کی نسبت لازمی حج واجبات کے مقابلے میں کچھ کمی ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ نے 90 ملین ڈالرز کے انتظامات پر وعدہ کیا ہے، حج پالیسی کے تحت اخراجات بھارت، بنگلہ دیش اور افغانستان سے کم ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی عرب میں ٹیکس بڑھنے سے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے، سرکاری حجاج سے صرف اتنی رقم وصول کی جاتی ہے جتنے اخراجات آتے ہیں، سعودی عرب نے ہماری درخواست پر حج اخراجات میں کچھ کمی کی ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔