عدالت کا تندور ڈی سیل کرنےاور گرفتار نان بائیوں کو رہا کرنےکاحکم

عدالت کا تندور ڈی سیل کرنےاور گرفتار نان بائیوں کو رہا کرنےکاحکم
کیپشن: عدالت کا تندور ڈی سیل کرنے اور گرفتار نان بائیوں کو رہا کرنےکاحکم

ویب ڈیسک: اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اور نان بائیوں کے نمائندوں کو روٹی اور نان کی متفقہ قیمت کے تعین کا حکم دیتے ہوئے سیل کردہ تندور ڈی سیل کرنے اور گرفتار لوگوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں روٹی اور نان کی نئی کم قیمتوں کیخلاف درخواست پر سماعت جسٹس طارق جہانگیری نے کی۔

دوران سماعت اسٹیٹ کونسل نے کہاکہ ایڈووکیٹ جنرل اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں گے،ابھی پہنچے نہیں۔

جسٹس طارق جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ ایڈووکیٹ جنرل نہیں پہنچے تو عدالت انتظار تو نہیں کرے گی۔

اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ پہلے گندم کا بحران ہوتا تھا اس بار گندم بہت زیادہ ہو گئی ہے،آٹے کی قیمت ایک ہزار روپے کم ہو چکی ہے، قیمتیں اس لئے کم کیں،آٹےکی قیمت بڑھے تو  یہ فوری قیمت بڑھا دیتے ہیں،کمی کے ساتھ کم نہیں کرتے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نے تندور والے غریب لوگوں کا مفاد بھی دیکھنا ہے، تندور والے جون جولائی میں دہکتی آگ میں جا کر روٹی لگاتے ہیں،عدالت نے ریڑھی لگانے والے غریب کا مفاد بھی دیکھنا ہے،روٹی کی قیمت امیر آدمی کا مسئلہ نہیں، انہیں تو روٹی کی قیمت ہی نہیں پتہ۔

وکیل نان بائی ایسوسی ایشن نے کہا کہ نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن معطل کر دیں، ہمارے لوگ گرفتار اور تندور سیل ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر اور نان بائیوں کے نمائندوں کو متفقہ قیمت کا تعین کرنے کا حکم دیتے ہوئے  سیل کردہ تندور ڈی سیل کرنے اور گرفتار لوگوں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری  نے ریمارکس دیئے کہ کل 12 بجے بیٹھ کر مشاورت سے نئی قیمتوں کا تعین کریں،نئی قیمتیں متعین کر کے تین دن میں عدالت میں رپورٹ جمع کرائیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

Watch Live Public News