ویب ڈیسک:پاکستان کو ناقابلِ تسخیر اور وطن عزیز کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان اپنے رب کے حضور حاضر ہو گئے. اس موقع پر ڈاکٹر اے کیو خان کی پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں انکا وزیراعظم عمران خان کی سیاست متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں، وہ تبدیلی لانا چاہ رہے ہیں، اللہ کرے کہ ایک مثبت تبدیلی آئے، لیکن ایسا نظر نہیں آتا ، ان کے ساتھ جو پرانے لوگ مل گئے ہیں وہ انہیں ہلنے نہیں دیں گے، یہ لوگ عمران خان کو جکڑ لیں گے، بعد میں محض وعدے ہی رہ جائیں گے. محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا ایک پرانے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ابھی تک عمران خان کی طرف سے ملک کے مفاد کے لیے کوئی واضح پالیسی پیش نہیں کی گئی، ایک گیند ہے انکے پاس اور وہ کہتے ہیں کہ میں پانچ وکٹیں گرا دوں گا لیکن ملک کی سیاست گیند ، بلا ، پٹواری اور تھانیدار تک محدود نہیں ہے، یہاں تواس سے بہت بڑے مسائل ہیں، یہ تو معمولی مسائل ہیں جن کی وہ بات کرتے ہیں، اگر وزیراعظم ایماندار ہو تو ملک میں 90 فیصد تک بہتری آ سکتی ہے. انہوں نے کہا بدقسمتی ہے کہ جو بھی اقتدار میں آتا ہے وہ کہتا ہے کہ 5 سال ہیملے ہیں، جو مال بنانا ہے بنا لو . واضح رہے کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا تھا. ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ آج فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی. ڈاکٹر عبدالقدیر خان کچھ ہفتے پہلے کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ڈاکٹر قدیر پہلے الشفا ہسپتال اور بعد میں ملٹری ہسپتال میں زیر علاج رہے، ڈاکٹر قدیر کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، ڈاکٹر قدیر ملٹری ہسپتال میں کورونا سے صحت یاب ہونے کے بعد گھر منتقل ہو گئے تھے. گزشتہ رات ڈاکٹر قدیر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی. ڈاکٹر قدیر کو طبیعت کی خرابی پر قریبی کے آر ایل ہسپتال منتقل کیا گیا. ڈاکٹر قدیر آج صبح جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے. ڈاکٹر عبدالقدیر خان یکم اپریل1936ء کو بھوپال میں پیدا ہوئے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان1952ء میں پاکستان منتقل ہوئے. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے1960ء میں کراچی یونیورسٹی سے میٹالرجی میں ڈگری حاصل کی. ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے جرمنی اور ہالینڈ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی. 1967میں ہالینڈ سے میٹالرجی میں ماسٹراور 1972میں بیلجیم سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی.