راولپنڈی : وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کی گرفتاری کےلئےایک بارپھر وارنٹ جاری کردیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی عدالت کے مجسٹریٹ نے دوبارہ وارنٹس جاری کرتے ہوئےوزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کوفوری گرفتارکرکے پیش کرنےکاحکم دے دیا۔ جس کے بعد اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم حکم کی تعمیل کےلئےاسلام آبادکےتھانہ سیکرٹریٹ پہنچ گئی ہے۔ اس سے قبل بھی اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نے رانا ثنا اللہ کے وارنٹس گرفتاری جاری کیے تھے ،اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ نےوارنٹ گرفتاری اینٹی کرپشن انکوائری میں حاضر نہ ہونے پر جاری کئے تھے۔ اینٹی کرپشن پولیس رانا ثناء اللہ کی گرفتاری کیلئے تھانہ کوہسار پہنچی تھی تاہم اسلام آباد کی تھانہ کوہسار پولیس نے رانا ثناء اللہ کے وارنٹ کی تعمیل کرانے سےمعذرت کرلی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری پر فیصل آباد کا پتہ درج ہے اور وارنٹ گرفتاری بھی مکمل نہیں ہے ۔ تھانہ کوہسار پولیس کا کہنا تھا کہ نے وارنٹس کی تعمیل کے لئے متعلقہ پتہ پر رجوع کریں۔ تھانہ کوہسار پولیس کے جواب پر اینٹی کرپشن کی ٹیم تھانہ سیکریٹریٹ روانہ ہوگئی تھی۔