ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کٹوتی کی شرح میں اضافہ، اہم خبر آگئی

ملازمین کی تنخواہوں سے ٹیکس کٹوتی کی شرح میں اضافہ، اہم خبر آگئی

ویب ڈیسک: حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا، جبکہ گریڈ 17 سے 20 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 22 فیصد اضافہ کیا گیا تھا، اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس ہدف کو پورا کرنے کے لیے ملازمین اور افسران پر عائد ٹیکسز کی شرح میں بھی اضافہ کیا گیا تھا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے ریکارڈ کے مطابق رواں مالی سال میں حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین اور افسران کی تنخواہوں میں کیے گئے اضافے کے بعد گریڈ ایک سے گریڈ 22 تک کے سرکاری ملازمین کی سالانہ تنخواہ میں 47 ہزار روپے سے 6 لاکھ 86 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا، جبکہ ان ملازمین پر عائد ٹیکسز میں 5 ہزار روپے سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق گریڈ 1 کے سرکاری ملازمین کی سالانہ تنخواہ میں 47 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے جو کہ ماہانہ 4 ہزار روپے کے قریب بنتا ہے۔ گریڈ 2 کے سرکاری ملازمین کی سالانہ تنخواہ میں 62 ہزار، گریڈ 3 کی سالانہ تنخواہ میں 64 ہزار، گریڈ 4 کی تنخواہ میں 68 ہزار، گریڈ 8 کے ملازمین کی تنخواہ میں ایک لاکھ، گریڈ 11 کے ملازمین کی سالانہ تنخواہ میں ایک لاکھ 5 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا۔

سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ افسران کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا گیا تھا،دستاویز کے مطابق اس اضافے کے بعد گریڈ 13 کے افسران کی سالانہ تنخواہ میں ایک لاکھ 21 ہزار روپے یعنی ماہانہ 10 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا۔

گریڈ 16 کے افسران کی تنخواہ میں ایک لاکھ 65 ہزار، گریڈ 17 کے افسران کی تنخواہ میں ایک لاکھ 81 ہزار روپے، گریڈ 18 کے افسران کی تنخواہ میں 2 لاکھ 50 ہزار روپے، گریڈ 19 کے ملازمین کی تنخواہ میں 3 لاکھ 32 ہزار روپے، گریڈ 20 کے ملازمین کی تنخواہ میں 4 لاکھ 55 ہزار روپے، گریڈ 21 کے ملازمین کی تنخواہ میں 5 لاکھ 77 ہزار روپے جبکہ گریڈ 22 کے افسران کی سالانہ تنخواہ میں 6 لاکھ 86 ہزار روپے یعنی ماہانہ تنخواہ میں57 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے‘۔

حکومت نے ٹیکس کی شرح بھی بڑھائی جس کے بعد 6 لاکھ سالانہ تنخواہ والے ملازمین سے کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جارہا، جبکہ 8 لاکھ سالانہ تنخواہ والے ملازمین سے 5 ہزار روپے زیادہ سالانہ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

10 لاکھ سالانہ تنخواہ والوں سے 10 ہزار روپے سے زیادہ، 16 لاکھ سالانہ تنخواہ والوں سے اب 65 ہزار کے جگہ 90 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ جبکہ 25 لاکھ تنخواہ والوں سے ایک لاکھ 87 ہزار کے بجائے 2 لاکھ 55 ہزار روپے سالانہ ٹیکس وصول کیا جائےگا۔

Watch Live Public News