خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار شہید

خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار شہید
ٹانک: (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ٹانک میں پولیو ٹیم پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔ ڈی پی او ٹانک صاحبزادہ سجاد احمد نے پولیو ٹیم پر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے میں اقبال نامی پولیس کانسٹیبل شہید جبکہ ایف سی اہلکار رتاج زخمی ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کیلئے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جسے وہ خود لیڈ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جہاں یہ واقعہ رونما ہوا وہ علاقہ پہلے ہی حساس تصور کیا جاتا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر حملہ چھدڑ نامی گاؤں میں کیا۔ حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھے جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس سلسلے میں پاک فوج کی رسپانس فورس سے بھی مکمل رابطہ ہے۔ دوسری جانب ٹی ٹی پی نے پولیو ٹیم پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ خیال رہے کہ خیبر پختونخوا کے بعض علاقے پولیو ویکسی نیشن کے حوالے سے بہت حساس ہیں۔ ان علاقوں میں پہلے بھی سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

Watch Live Public News