عامر لیاقت کی تیسری ساس کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

عامر لیاقت کی تیسری ساس کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
لاہور (پبلک نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کی والدہ کا ویڈیو انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل انٹرویو میں عامر لیاقت کی تیسری ساس نے اپنی بیٹی کی شادی عامر لیاقت حسین سے کرنے کی تصدیق کی۔ عامر لیاقت کی ساس نے بیٹی داماد کو دعا دیتے ہوئے کہا میری دل سے دعا ہے کہ وہ دونوں دل سے خوش رہیں۔ آباد رہیں اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم رہے۔ اللہ پاک اپنی حفظ وامان میں رکھے اور انہیں بے شمار خوشیاں عطا کرے۔ دانیہ کی والدہ نے اپنے چاہنے والوں سے بھی درخواست کی کہ وہ بھی بیٹی داماد کے لیے دعا کریں کہ اللہ ان دونوں کو سلامت رکھے۔ خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے تیسری شادی کی اطلاع دی تھی . انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام کے ذریعے اپنی تیسری شادی کی اطلاع دی اور اپنی نئی نویلی دلہن کے ساتھ تصویر شیئر کی۔ عامر لیاقت نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ گذشتہ روز 18 سالہ سیدہ دانیہ شاہ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔ اہلیہ کے تعارف میں عامر لیاقت نے لکھا کہ دانیہ کا تعلق لودھراں کے ایک معزز نجیب الطرفین سادات خاندان سے ہے۔ اس سے قبل طوبیٰ انور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جاری ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ انہوں نے عامر لیاقت حسین سے خلع لے لی ہے۔سیدہ طوبیٰ انور نے اپنی ٹویٹر اور انسٹاگرام پوسٹ پر جاری پیغام میں کہا کہ میرے قریبی رشتہ دار اور دوست جانتے ہیں کہ انہوں نے 14 ماہ قبل ہی شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ اداکارہ طوبیٰ انور نے عامر لیاقت سے علیحدگی کی وجہ بتائے بغیر کہا کہ انہیں صلح کی کوئی وجہ صورت نظر نہیں آئی، اس کے بعد انہوں نے مجبور ہو کر خلع لی ہے۔ طوبیٰ انور نے اپنے مداحوں اور میڈیا سے درخواست کی کہ ان کے مشکل ٹائم کا بھرم رکھ کر ان کی ذاتی زندگی کا بھی خیال رکھا جائے۔

Watch Live Public News

شازیہ بشیر نےلاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے ایم فل کی ڈگری کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 42 نیوز اور سٹی42 میں بطور کانٹینٹ رائٹر کام کر چکی ہیں۔