کرغزستان واقعہ، مستقبل میں پاکستان کو کیا مشکل درپیش؟ PTI کی اہم پیشگوئی

کرغزستان واقعہ، مستقبل میں پاکستان کو کیا مشکل درپیش؟ PTI کی اہم پیشگوئی
کیپشن: PTI's statement
سورس: web desk

(ویب ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کا پاک افغان سرحدی علاقوں پر دن بدن بڑھتی کشیدگی پر نہایت تشویش کا اظہار، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا عوامی تائید اور مینڈیٹ سے محروم حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کے سبب پاکستان کے تمام سرحدی علاقے مسلسل تناؤ کی لپیٹ میں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ پاک ایران سرحد کے بعد پاک افغان سرحدی علاقوں میں پرتشدد واقعات کی متواتر اطلاعات اور اس پر حکومتی خاموشی باعثِ تشویش ہے، گذشتہ تین روز سے پاک افغان سرحدی علاقوں میں مسلسل گولہ باری کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں،جعلی فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے کٹھ پتلی حکمران ملک و قوم کے مفاد کے تناظر میں خودمختار خارجہ پالیسی جیسے فیصلے لینے کا اختیار نہیں رکھتے۔

چند روز قبل آزاد کشمیر میں پیدا ہونی والی صورتحال حکومتی نااہلی کی بدولت بیرونی سرحدوں پر جنم لینے والے عدم استحکام کا ہی پیش خیمہ ہے، کرغزستان میں گذشتہ رات ہونے والی ہنگامہ آرائی پر حکومت کا غیرذمہ دارانہ رویہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی طلباء کو بے یار و مددگار چھوڑنا بھی ناکام خارجہ پالیسی کا عکاس ہے۔

 ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ اپنے ذاتی مفاد کو ملکی مفاد پر فوقیت دینے والے قومی مجرم گذشتہ دو سال سے اپنے غیر سنجیدہ رویے کے باعث مسلسل وطنِ عزیز کی جگ ہنسائی کا باعث بنتے آ رہے ہیں،خدشہ ہے کہ غیر منتخب حکومت کی نااہلی اور ناکام خارجہ پالیسی پاکستان کو عالمی سطح پر تنہائی کا شکار کرنے کا سبب بنے گی۔

داخلی عدم استحکام میں مسلسل اضافہ ملک کو اقتصادی تباہی کی جانب لے جارہا ہے جس سے نکلنے کا واحد راستہ سیاسی استحکام ہے، ریاست اپنی ترجیحات کا محور درست کرتے ہوئے سرحدوں پر بڑھتی کشیدگی کے فوری تدارک  کے لئے ٹھوس حکمت عملی اختیار کرے۔

Watch Live Public News