چیچہ وطنی : مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مشکل فیصلے جو ہونے تھے ہوگئے، اچھے دن آنے والے ہیں، شہبازشریف کچھ دن میں بڑا ریلیف دینے والے ہیں۔ چیچہ وطنی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی صورت میں جو بلا آئی وہ ٹل گئی، عمران خان نے جو بحران پیدا کیا وہ ختم ہو گیا ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں عمران خان کی وجہ سے بڑھانی پڑیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مشکل فیصلے جو ہونے تھے ہو گئے، اب اچھے دن آنے والے ہیں، شہبازشریف کچھ دن میں بڑا ریلیف دینے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان4 سال میں کوئی4 کام بھی نہیں کر سکے، عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں میں سے ایک بھی نوکری نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی آئے روز کرپشن کی کہانیاں کھل رہی ہیں، وزیراعظم ہاوس کو عمران خان نے بلیک میلنگ کیلئے استعمال کیا، جس وزیراعظم ہاؤس کویونیورسٹی بنانا تھا اسےاغواکااڈہ بنادیا۔ مریم نواز نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17جولائی کو ایک بار پھر شیر آ رہا ہے، مہنگائی ہوئی تو ہم گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھے، ملک کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہونے والا ہے۔