فاسٹ بولر حارث رؤف کی اہلیہ نے اپنے عروسی لباس کی طرح ولیمے کے لئے بھی انتہائی خوبصورت اور اسٹائلش لباس کا انتخاب کیا لیکن ان خوبصورت اور اسٹائلش ملبوسات کی قیمت بھی حیران کردینے والی ہے۔ کرکٹر کے ولیمے کی تقریب 7 جولائی کو اسلام آباد میں ہوئی جس میں ساتھی کرکٹرز کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شریکت کی۔ حارث رؤف اور ان کی اہلیہ نے ولیمے کی تقریب کے لئے پیسٹل کلرز کا انتخاب کیا تھا، ولیمے کے روز مزنا پیچ کلر پر سلور کام سے مزین خوبصورت میکسی میں انتہائی پُرکشش اور دلکش لگ رہی تھیں، دوسری طرف حارث نے فان کلر کا کوٹ پہنا ۔ اگر بات کی جائے مزنا کے ریسیپشن ڈریس کی تو کرکٹر کی اہلیہ نے ولیمے کے لئے سفیوز بائے ثنا یاسر برانڈ کی خوبصورت کامدار میکسی کا انتخاب کیا ہے، برانڈ کا کہنا ہے کہ اس میکسی کی قیمت سات لاکھ روپے ہے۔ برانڈ کا بتانا ہے کہ ان کے تیار کردہ عروسی ملبوسات کی قیمت ساڑھے 3لاکھ سے ساڑھے 9 لاکھ تک ہے۔ خیال رہے کہ حارث رؤف کی اہلیہ نے رخصتی کی تقریب کے لئے ڈیزائنر محسن نوید رانجھا کا تیار کردہ عروسی لباس زیب تن کیا تھا۔ جب نجی ٹی وی نے ڈیزائنر سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ مزنا مسعود کا عروسی لباس انہی کا تیار کردہ ہے جس کی قیمت 4 لاکھ 45 ہزار ہے۔ مزید برآں مزنا مسعود ملک کے لیے تیار کیا گیا جوڑا ابتدا میں سفید رنگ کا تھا جسے شادی کی تقریب کی مناسبت سے اور مزنا کی خواہش کے مطابق تیار کیا گیا۔