ویب ڈیسک: جمعیت علماء اسلام ف نے حکومت سے رابطہ ختم کرتے ہوئے مذاکرات کے دروازے بند کردیئے،جے یو آئی (ف) نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جے یو آئی ف نے عیدالفطر کے بعد حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک چلانے کا فیصلہ کرلیا ہے، اس حوالے سے پاڑتی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے احتجاجی جلسے جلوسوں کی منظوری دے دی، جے یو آئی احتجاجی تحریک کے دوران بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا میں جلسے کرے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ احتجاجی تحریک کا آغاز سندھ سے کیا جائے گا,مولانا فضل الرحمان نے تحریک سے متعلق مشاورت مکمل کرلی ہے، جے یو آئی کی احتجاجی تحریک سندھ کے بعد بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب سے ہوکر اسلام آباد پہنچے گی، فضل الرحمان خود تحریک کی قیادت کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کل سعودی عرب کے 10 روزہ دورے پر روانہ ہوں گے، وہ عمرہ ادا کرکے ایک کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف نے بھی دھاندلی کے خلاف ملک گیر گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان کیا ہے, پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر نے ایک بیان میں کہا کہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ الائنس بنانے جارہے ہیں، جن کا مینڈیٹ چھینا گیا ان تمام سیاسی قوتوں کو اکٹھا کریں گے۔