جامشورو میں انڈس ہائی وے پر خوفناک حادثہ ، 15 افراد جاں بحق

جامشورو میں انڈس ہائی وے پر خوفناک حادثہ ، 15 افراد جاں بحق
کراچی : سندھ کے ضلع جامشورو میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک اور مسافر وین میں تصادم ہوا جس کے نتیجے میں 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تفصیلات کے مطابق جامشورو میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک اور مسافر وین کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ کئی افراد زخمی ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی رضاکار اور پولیس کی ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر وین دادو سے حیدر آباد جا رہی تھی۔ سندھ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ انڈس ہائی وے پر مانجھمند کے قریب پیش آیا، جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تر مزدور تھے جو مزدوری کے لیے جارہے تھے۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں 14 کی شناخت ہوگئی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انڈس ہائی وے مانجھند کے قریب وین اور ٹرک کے تصادم پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر حیدرآباد ، ڈی سی اور ایس ایس پی جامشورو کو ہدایات جاری کردیں،وزیراعلیٰ سندھ نے جاں بحق ہونے والوں کے درثاء سے ہر قسم کی بھرپور تعاون کرنے کی ہدایت کردی ۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کوفوری طورپر قریبی اسپتال پہنچا کر طبی امداد فراہم کی جائے، جاں بحق ہونے والوں کی میتیں اُن کے علاقوں میں بھیجنے کے اقدامات کیے جائیں، اگر ڈاکٹرز کی ضرورت پڑے تو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی سے بھیجیں جائیں، امدادی کاموں کے حوالے سے مجھے باخبر رکھا جائے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔