پاکستان اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل میچ آج کھیلا جائے گا

پاکستان اور آسٹریلیا کا سیمی فائنل میچ آج کھیلا جائے گا
دبئی: ( پبلک نیوز) پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021ء کا دوسرا سیمی فائنل میچ آج انٹرنیشنل سٹیڈیم دبئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کی ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی جبکہ کینگروز کی قیادت آرون فنچ کریں گے۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں کامیابی کے لئے دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ میچ میں کانٹے دار مقابلہ ہوگا۔ ورلڈ کپ کے گروپ میچوں میں ناقابل شکست پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے تمام میچوں میں کامیابی حاصل کرکے 10 پوانٹس حاصل کئے اور میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنے گروپ میں ایک شکست کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ پاکستان نے بھارت کو 10 جبکہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کو پانچ 5 وکٹوں سے شکست دی۔ اسی طرح نمیبیا اور سکاٹ لینڈ کو بالترتیب 46 اور 72 رنز سے ہرایا۔ آسٹریلیا نے سائوتھ افریقہ اور سری لنکا کو بالترتیب 5 اور 7 وکٹوں سے شکست دی جبکہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کو آٹھ 8 وکٹوں سے ہرایا تاہم اسے انگلینڈ سے 8 وکٹوں سے شکست کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کیا ہوا ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میچ میں رچرڈ کیٹل برو اور کرس گیفانی آن فیلڈ ایمپائر ہوں گے جبکہ جوئل ولسن تھرڈ اور رچرڈ ایلنگورتھ بطور فورتھ ایمپائر فرائض سرانجام دیں گے، جیف کرو میچ ریفری ہوں گے۔ سیمی فائنلز میں جیتنے والی ٹیموں کے درمیان اتوار 14 نومبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ورلڈ کپ کا فائنل کھیلا جائے گا۔

Watch Live Public News