پاکستان کے لیجنڈ اداکار عابد کشمیری انتقال کرگئے

پاکستان کے لیجنڈ اداکار عابد کشمیری انتقال کرگئے
کیپشن: پاکستان کے لیجنڈ اداکار عابد کشمیری انتقال کرگئے

ویب ڈیسک: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا انمول باب ہمیشہ کیلئے بند ہوگیا۔ پاکستان کے لیجنڈری اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے۔ عابد کشمیری نے سینکڑوں ٹی وی ڈراموں، سٹیج اور فلموں میں کام کیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا اظہار افسوس۔

خاندانی ذرائع نے لیجنڈ اداکار کی موت کی تصدیق کردی ہے۔ عابد کشمیری کی بیٹی نے بتایا ہے کہ ان کے والد کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔ 

 ان کا ڈراموں میں ادا کئے جانے والا ایک ڈائیلاگ’’ خیر ہو آپ کی ’’۔۔۔ِ۔   دنیا بھر میں بہت مشہور ہوا تھا۔ڈراما ’سمندر‘ میں عابد کشمیری کا کردار ’گلو بادشاہ‘ بہت مقبول ہوا تھا۔

عابد کشمیری کا ایک شاندار کیریئر تھا، انہوں نے سیکڑوں ٹی وی ڈراموں، اسٹیج ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کی۔ ان کی پرفارمنس کو بڑے پیمانے پر سراہا گیا اور وہ تفریحی صنعت کے متعدد پلیٹ فارمز میں اپنی ورسٹائل اداکاری کی مہارت کے لیے مشہور تھے۔

عابد کشمیری اندرون لاہور کے کشمیری گھرانے سے تعلق رکھتے تھے، جہاں ٹیٹھ پنجابی بولی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مکالموں کی ادائیگی کے دوران ان کے لہجے سے بھی پنجابی ٹچ جھلکتا تھا۔

وہ چار مئی 1950 کو اندرون لاہور میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم یہیں سے حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے سینکڑوں پی ٹی وی اور پرائیویٹ ڈراموں، تھیٹر اور فلموں میں کام کیا۔ وہ زیادہ تر مزاحیہ کردار ادا کرتے رہے۔

عابد کشمیری کو 1988 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بازار حسن‘ پر بہترین مزاحیہ اداکار کے لیے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔

عابد کشمیری امریکا میں آباد تھےتاہم حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا اور کچھ ٹی وی ٹاک شوز میں بھی نظر آئے، مرحوم اداکار نے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

ان کے چند یادگار ٹی وی ڈراموں میں سمندر، سورج کے ساتھ ساتھ، تیسرا کنارا، اپنا لاگ اورلوہاری گیٹ شامل ہیں۔

مرحوم اداکار کا بیٹا امریکہ میں جبکہ بیٹی کینیڈا میں رہائش پذیر ہیں   لواحقین کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں کے تاحال ٹکٹ کنفرم نہیں ہوئے ۔
فی الحال اداکار کی میت کو سرد خانے میں منتقل کیا جائے گا  اور ان کے بڑے بیٹے اور بیٹی کے پاکستان آنے کے بعد نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور انہیں سپرد خاک کیا جائے گا۔
 وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سوگوار خاندان اور مداحین سے اظہار ہمدردی و تعزیت  کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عابد کاشمیری ورسٹائل اداکار تھے ۔ مداحین کو تادیر کمی محسوس ہوگی۔ 

Watch Live Public News