ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وطن واپسی کیلئے اپنے پاسپورٹ کی تجدید کروانے کا فیصلہ کیا ہے. ذرائع کے مطابق نواز شریف اور اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہو چکی ہیں. خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کا پاسپورٹ ساڑھے تین سال قبل سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے منسوخ کرا دیا تھا، اسحاق ڈار کے نئے پاسپورٹ کے اجراء کے لیے درخواستیں تیار کر لی گئیںہیں. جبکہ نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے بھی درخواست تیار کر لی گئی ہے. اسحاق ڈار کے پاسپورٹ کے اجرا کے بعد وطن واپسی ہو گی. اسحاق ڈار سعودی عرب میں عمرہ ادا کر کے پاکستان واپس آئیں گے. ذرائع ن لیگ کا کہنا ہے کہ نواز شریف عید کے بعد پاکستان واپس آئیں گے اور پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کا سامنا کریں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف علاج کی غرض سے تقریباً دو سال سے لندن میں مقیم ہیں۔ خیال رہے گذشتہ روز نواز شریف کے بھائی شہباز شریف پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے تھے بعد ازاں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی مختصر رخصت کے باعث چیئرمین سینیٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے شہباز شریف سے وزارت عظمیٰ کا حلف لیا۔