لاہور: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے نکالنے کا منصوبہ امریکا سے نہیں آیا، پاکستان سے امریکا گیا تھا، باجوہ امریکیوں کو سمجھانے میں کامیاب ہوئے کہ میں امریکا مخالف ہوں۔ وائس آف امریکا کو انٹرویو میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جنرل باجوہ نے اس ملک کے چند بڑے بدمعاشوں کی حمایت کی، جنرل باجوہ کرپشن کو کوئی بڑا مسئلہ نہیں سمجھتے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ اختیار آرمی چیف کے پاس ہو اور ذمہ داری وزیراعظم کی تو نظام کام نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات تو ہوں گے لیکن آزادانہ اور منصفانہ نہیں ہوں گے، انتخابات کے نتائج تسلیم کرنے یا نہ کرنے کا سوال قبل ازوقت ہے، ابھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ کس حد تک دھاندلی کریں گے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیرخارجہ نے تقریباً سارا وقت باہر گزارا لیکن افغانستان نہیں گئے، دہشت گرد دوبارہ منظم ہو رہے تھے تو سکیورٹی فورسز اور ایجنسیز کیا کر رہی تھیں؟ کہا اب ہماری حکومت نہیں ہے، ان کی غلطیوں کے ذمہ دار ہم کیسے ہو گئے؟۔