ہم کمزور ہیں بزدل نہیں، ہمارے طیارے اور ہیلی کاپٹر واپس کئے جائیں:طالبان

ہم کمزور ہیں بزدل نہیں، ہمارے طیارے اور ہیلی کاپٹر واپس کئے جائیں:طالبان
کابل: ( پبلک نیوز) طالبان کے قائم مقام وزیر دفاع ملا محمد یعقوب مجاہد نے تاجکستان اور ازبکستان سے افغان طیارے اور ہیلی کاپٹر واپس کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو ہم کارروائی کر سکتے ہیں۔ کابل میں افغان فضائیہ کے پائلٹس اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے آنے کے بعد جو طیارے ہمسایہ ممالک میں لے جائے گئے، وہ افغانستان کی ملکیت ہیں اور انہیں جلد واپس ملک کو واپس کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسیوں سے کمزور ہو سکتے ہیں لیکن بزدل نہیں، ہم اپنے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کے ہر حصے کو واپس لے لیں گے۔ میں ان سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ ہمارے صبر کا امتحان نہ لیں۔ ملا محمد یعقوب مجاہد نے افغان فضائیہ کے پائلٹوں اور انجینئرز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ملک نہیں چھوڑا اور ان لوگوں سے اپیل کی جو گذشتہ مہینوں میں ملک چھوڑ چکے ہیں، واپس آجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ فضائیہ کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں جو غیر ملکی فنڈنگ پر منحصر نہیں اور افغانستان کی سرحدوں کی حفاظت کر سکتی ہے۔ طلوع نیوز افغان وزارت دفاع میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے 40 سے زائد ہیلی کاپٹر پڑوسی ممالک تاجکستان اور ازبکستان لے جا چکے ہیں۔ ابھی تک تاجکستان اور ازبکستان کے حکام نے اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب طالبان نے اپنے پڑوسیوں کے خلاف ایسی سخت زبان کا استعمال کیا ہے۔

Watch Live Public News