ٹک ٹاک و ایڈکاسا کا پاکستانی طلبہ کیلئے وظائف کا اعلان

ٹک ٹاک و ایڈکاسا کا پاکستانی طلبہ کیلئے وظائف کا اعلان
ایڈ ٹیک اسٹارٹ اَپ ’ ایڈکاسا‘ اور مختصر دورانیے کی ویڈیوز کے مقبول پلیٹ فارم ’ ٹک ٹاک‘ نے گذشتہ سال شروع ہونے والی مہم ’ایگزیم ریڈی‘ کی کامیابی کے بعد اب 18 ہزار پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپ پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت پورے پاکستان میں مستحق طلبہ کو آن لائن اسٹڈی گرانٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ معیاری تعلیم تک رسائی میں اضافہ کر سکیں ۔ گذشتہ برس ستمبر میں ٹک ٹاک نے ایڈکاسا (Edkasa) اور لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (LUMS) کے اشتراک سے اپنی نوعیت کا ایک منفرد ڈیجیٹل لرننگ پروگرام شروع کرنے کی غرض سے پورے برس تعاون کیا تھا تاکہ ہائی اسکول کے طلبہ کو فاصلاتی تعلیم اور آن لائن تعلیم کی سہولت فراہم کی جاسکے ۔ اگزام ریڈی مہم کو لاکھوں پاکستانی طلبہ کے لیے تیار کیا گیا تھا جس میں طبیعات ، ریاضی ،کیمیا اور حیاتیات جیسے مضامین پر 500 سے زائد تعلیمی ویڈیوز فراہم کی گئی تھیں ۔ ان ویڈیوز میں مطالعے کے بارے میں امتحانات میں کامیابی اور مشورے کے لیے گرُ بتائے گئے تھے، ٹک ٹاک پر یہ ویڈیوز فوراً ہی پاکستانی طلبہ میں مقبول ہوگئیں تھیں اور اب تک 66 کروڑ 50 لاکھ سے زائد افراد ان ویڈیوز کو دیکھ چکے ہیں اور دس کروڑ سے زائد ویڈیوز تخلیق کی گئیں تھیں ۔ پاکستان کے اہم تعلیمی اداروں میں سے ایک لمز کے ساتھ اشتراک کے تحت یہ دونوں ادارے طلبہ کو ایڈکاسا کے مفت مطالعاتی مواد تک دو ماہ تک رسائی فراہم کر کے اپنی شراکت مزید مضبوط بنائیں گے، جہاں اس کے تحت طلبہ اپنے بورڈ/گریڈ/ امتحان کا انتخاب بھی کرتے ہیں ۔ ٹک ٹاک میں ہیڈ آف گورنمنٹ ریلیشنز اینڈ پبلک پالیسی برائے مشرق وسطیٰ، پاکستان ، ترکیہ، افریقہ اور جنوبی ایشیا فرح توکان نے کہا کہ ٹک ٹاک ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو متعدد کیٹیگریز میں مختلف مواد پیش کرتا ہے اور تعلیم ہمارے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے، ہم پاکستان میں مستقبل کی نسلوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے کیلئے ملک گیر خواندگی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہیں۔ ایڈکاسا کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر فہد تنویر نے کہا کہ ہمیں ٹک ٹاک پر سیکھنے کے مواد میں بالخصوص طلبہ کی بڑے پیمانے پر دلچسپی کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے، پاکستان کو اس قسم کے جدید اور معیاری مواد کی ضرورت ہے جو ہماری نوجوان آبادی کو باقی دنیا سے مقابلہ کرنے میں مدد فراہم کر سکے۔ یہ وظائف مہم کے آن لائن محرک ٹک ٹاک کے ساتھ معاہدے میں ایڈکاسا اور لمز کے طے شدہ مشترکہ معیار اور گائیڈلائنز کے مطابق دیے جائیں گے۔ مذکورہ وظائف کم مراعات یافتہ طبقے کے لیے ہیں اور پاکستان بھر کے طلبہ کے لیے دستیاب ہیں، ان کا مقصد ان پاکستانی طلبہ تک پہنچنا ہے جن کے لیے معیاری تعلیم میں رکاوٹیں حائل ہیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔