باب وولمر کو غیر مسلم سمجھنا حرام ہے، مفتی زبیر کا فتویٰ

باب وولمر کو غیر مسلم سمجھنا حرام ہے، مفتی زبیر کا فتویٰ
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف عالم دین مفتی زبیر نے فتویٰ دیا ہے کہ انضمام الحق اور مشتاق احمد نے گواہی دی ہے کہ باب وولمر نے ان کے سامنے کلمہ پڑھا تھا، تو اب شک کی کوئی گنجائش نہیں رہ جاتی۔ باب وولمر کو غیر مسلم سمجھنا اور کہنا شرعاً ناجائز اور حرام ہے۔ ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ شاہد آفریدی کا بھی یہ بیان کہ سابق کوچ باب وولمر کے دل میں اسلام کا مطالعہ کرنے کا شوق جاگ اٹھا تھا، یہ بات بھی ان کے مسلمان ہونے کی تصدیق کیلئے کافی ہے۔ مفتی زبیر کا کہنا تھا کہ شرعی طور پر انھیں مسلمان ہی کہا جانا ضروری ہے کیونکہ جب دو مسلمان اس بات کی گواہی دے رہے ہوں کہ انہوں نے خود باب وولمر کو کلمہ پڑھتے ہوئے دیکھا تھا تو اس کے علاوہ کسی اور تصدیق کی ضرورت نہیں رہ جاتی۔ اس موقع پر انہوں نے تاریخ اسلام کا ایک انوکھا واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک یہودی بچہ حضرت محمد ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا کرتا تھا۔ اس پر نزع کا وقت طاری ہوا تو اس کا والد آپ ﷺ کے پاس آیا اور التجا کی کہ آپ ﷺ تشریف لے چلیں کیونکہ اس کا آخری وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سنتے ہی حضور ﷺ اپنے خلفہ راشدین کو ساتھ لے کر اس کے پاس گئے اور عیادت فرمائی، اس بچے نے آپ ﷺ کو دیکھتے ہی اپنی آنکھیں کھولیں اور گفتگو فرمائی تو آپ ﷺ نے اسے کلمہ پڑھنے کی تلقین فرمائی، یہ سنتے ہی بچے نے اپنے والد کی طرف دیکھا تو اس نے کہا کہ جو آپ ﷺ فرما رہے ہیں، اس پر عمل کر لو، چنانچہ اس بچے نے کلمہ پڑھ لیا۔ مفتی زبیر نے یہ ایمان افروز واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ نے بچے کے کلمہ پڑھنے پر ناصرف خوشی کا اظہار کیا بلکہ یہ ارشاد فرمایا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے اپنے بندے کو جہنم سے نکال کر جنت میں داخل کرنے کا فیصلہ فرما لیا۔ اس کے بعد آپ ﷺ نے اپنے ہاتھوں سے اسے لحد کے اندر اتارا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب جبکہ یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ باب وولمر صاحب باقاعدہ اسلام کا شوق رکھتے تھے تو اس میں شک کی کوئی گنجائش نہیں رہتی، اگر کسی کو شک ہے تو کہتا کہ اس کے ثبوت کیلئے گواہ لائو تو اس کی تصدیق کیلئے انضمام الحق اور مشتاق احمد موجود ہیں۔

Watch Live Public News